حکومت کی محمود خان اچکزئی کو دوبارہ سپیکر چیمبر میں مذاکرات کی دعوت
وفاقی حکومت نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی کو ایک مرتبہ پھر سپیکر چیمبر میں آ کر ملاقات اور بات چیت کرنے کی دعوت دی ہے۔
وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ قومی اسمبلی کے سپیکر کا کردار حکومت اور اپوزیشن دونوں کے لیے یکساں ہے اور سردار ایاز صادق غیر جانبداری کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ قومی مفاد اور آئینی معاملات پر گفتگو کے لیے ملاقات کا مقام اہم نہیں ہونا چاہیے۔
طارق فضل چوہدری نے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی پر زور دیا کہ وہ سپیکر چیمبر میں ضرور آئیں اور متعلقہ معاملات پر بات چیت کریں۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس آج شام منعقد ہوں گے۔
پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے اجلاسوں سے پہلے مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹیوں کے الگ الگ اجلاس بھی طلب کر لیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ اپوزیشن کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی متوقع ہے، جس میں مولانا فضل الرحمٰن کی شرکت کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔