Pakistan

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا معاشی اصلاحات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا معاشی اصلاحات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ
۴ گھنٹے پہلے

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے معاشی اصلاحات کا سلسلہ برقرار رکھنے اور عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ 

وزیر خزانہ نے جیفریز انٹرنیشنل کے زیر اہتمام ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کے گول میز اجلاس میں شرکت کی، جہاں پاکستان کی موجودہ معاشی صورتحال، مالیاتی اصلاحات، عالمی سرمایہ منڈیوں تک رسائی اور سرمایہ کاری کے امکانات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ 

اجلاس میں سیکریٹری خزانہ امداد اللہ بوسال اور گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد بھی موجود تھے۔ 

شرکا کو پاکستان کی مالیاتی صورتحال اور بیرونی ادائیگیوں کے معاملات میں ہونے والی بہتری، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے، ملکی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری اور بین الاقوامی سرمایہ منڈیوں تک دوبارہ رسائی کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ 

اس موقع پر معاشی استحکام کو مزید مضبوط بنانے اور پائیدار، برآمدات پر مبنی اقتصادی ترقی کی جانب پیش رفت کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ 

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ٹیکس نظام، توانائی کے شعبے، سرکاری ملکیتی اداروں اور عوامی مالیات میں جاری اصلاحات کو مستقل بنیادوں پر آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ 

اجلاس کے دوران عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے پروگرام میں ہونے والی پیش رفت، قرضوں کی پائیدار ادائیگی اور ملکی مالی ضروریات پوری کرنے کے لیے مختلف حکمت عملیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ 

شرکا نے مالی وسائل کے ممکنہ ذرائع پر تبادلہ خیال کیا، جن میں صکوک، پانڈا بانڈز کے مزید اجرا اور ٹوکنائزیشن کے امکانات شامل تھے۔ 

محمد اورنگزیب نے پاکستان میں دستیاب نجکاری کے مواقع کی نشاندہی کرتے ہوئے کاروباری اداروں کے درمیان براہ راست تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر بھی زور دیا۔ 

گول میز اجلاس میں ٹیکس نیٹ میں توسیع، زرعی آمدنی پر ٹیکس کے نفاذ اور ڈیجیٹل نظام کے ذریعے ٹیکس قوانین پر عمل درآمد بہتر بنانے سے متعلق معاملات بھی زیر بحث آئے۔ 

مالیاتی اہداف کے حصول کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور تعاون کی ضرورت پر بھی گفتگو کی گئی۔ 

اجلاس کے شرکا نے خطے کی جغرافیائی اور سیاسی صورتحال سے پیدا ہونے والے خطرات، توانائی کے تحفظ اور مائع قدرتی گیس یعنی ایل این جی سے متعلق ذمہ داریوں کا بھی جائزہ لیا۔ 

اس کے علاوہ امریکا اور دیگر ممالک کے ساتھ پاکستان کے معاشی روابط اور تعاون سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

اجلاس کے اختتام پر وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان معاشی اصلاحات کا عمل جاری رکھنے اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں