پاک فوج کا ہائپرسونک بیلسٹک میزائل فتح ٹو کا کامیاب تجربہ
پاک فوج نے ہائپرسونک بیلسٹک میزائل فتح 2 کے زیادہ فاصلے تک مار کرنے والے جدید ورژن کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے۔ ایکسٹینڈڈ رینج میزائل جدید نیویگیشن سسٹم اور جدید ترین ایویونکس ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فتح 2 ایکسٹینڈڈ رینج میزائل کا تجربہ 13 اکتوبر 2026 کو کامیابی سے کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ جدید میزائل نظام انتہائی درستگی کے ساتھ مقررہ اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق میزائل کا مخصوص پروازی راستہ اور دوران پرواز اپنی سمت تبدیل کرنے کی صلاحیت اسے دشمن کے میزائل دفاعی نظام کو ناکام بنانے کے قابل بناتی ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فتح 2 کے ایکسٹینڈڈ رینج ورژن سے پاک فوج کی آپریشنل رسائی میں مزید اضافہ ہوگا اور زیادہ فاصلے پر موجود اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت بہتر ہوگی۔
میزائل کے تجربے کا مشاہدہ کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ، پاک فوج کے سینیئر افسران، سائنسدانوں اور انجینیئرز نے کیا۔
اس موقع پر کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ نے میزائل کی تیاری میں شامل سائنسدانوں اور انجینیئرز کی محنت، لگن اور تکنیکی صلاحیتوں کی تعریف کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق صدر مملکت، وزیراعظم پاکستان، چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور مسلح افواج کے سربراہان نے فتح 2 میزائل کے زیادہ فاصلے تک مار کرنے والے ورژن کے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں اور انجینیئرز کو مبارکباد پیش کی۔