غیر قانونی مالیاتی سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے ایس ای سی پی کا نیا یونٹ قائم
سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے غیر قانونی اور مشکوک مالیاتی سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے نیا کارپوریٹ انٹیلی جنس یونٹ قائم کر دیا ہے۔
ایس ای سی پی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق نیا یونٹ مشکوک مالیاتی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھے گا اور عوام کی جمع پونجی کو خطرے میں ڈالنے والی سکیموں کی بروقت نشاندہی کرے گا۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ کارپوریٹ انٹیلی جنس یونٹ پونزی اور پرامڈ سکیموں کے ساتھ ساتھ بغیر لائسنس ڈپازٹ وصول کرنے اور قرض فراہم کرنے والی کمپنیوں کی بھی نگرانی کرے گا۔
نیا یونٹ سوشل میڈیا، ڈیجیٹل اشتہارات اور خبروں کا جائزہ لے کر مشکوک مالیاتی سرگرمیوں کا سراغ لگائے گا۔
چیئرمین ایس ای سی پی نے کہا کہ مالیاتی فراڈ کی بروقت نشاندہی سے سرمایہ کاروں کو ممکنہ نقصانات سے بچانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے بتایا کہ اوپن سورس معلومات کو ریگولیٹری شواہد میں تبدیل کرکے خطرات کی بنیاد پر نگرانی کا نظام اختیار کیا جائے گا۔
ایس ای سی پی کے اعلامیے کے مطابق کارپوریٹ انٹیلی جنس یونٹ براہ راست چیئرمین ایس ای سی پی کی نگرانی میں کام کرے گا۔