Sports

تھائی ملکہ خود بوئنگ طیارہ اڑا کر آئس ہاکی چیمپئن شپ کیلئے جاپان پہنچ گئیں

تھائی ملکہ خود بوئنگ طیارہ اڑا کر آئس ہاکی چیمپئن شپ کیلئے جاپان پہنچ گئیں
۱۱ گھنٹے پہلے

تھائی لینڈ کی ملکہ سوتھیدا آسیان ویمنز آئس ہاکی چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے شاہی بیڑے کا بوئنگ مسافر طیارہ خود اڑا کر بینکاک سے جاپان پہنچ گئیں۔ 

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ملکہ سوتھیدا نے طیارے کی کمان خود سنبھالی اور بینکاک سے جاپان کے ہوکائیدو ایئرپورٹ تک تقریباً 7 گھنٹے کی پرواز کامیابی سے مکمل کی۔ 

ملکہ سوتھیدا انٹرنیشنل آئس ہاکی فیڈریشن کی ویمنز گلوبل ایمبیسیڈر ہیں اور جاپان میں منعقد ہونے والی آسیان ویمنز آئس ہاکی چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے وہاں پہنچی ہیں۔ 

رپورٹ کے مطابق ہوکائیدو ایئرپورٹ پر طیارہ اتارنے کے بعد ملکہ خود گاڑی چلا کر اپنے ہوٹل بھی گئیں۔ 

ملکہ سوتھیدا کے پاس باقاعدہ کمرشل پائلٹ کا لائسنس موجود ہے اور انہیں مختلف اقسام کے طیارے اڑانے کا تقریباً 1,190 گھنٹوں کا تجربہ حاصل ہے۔ 

اس سفر سے چند روز قبل 8 اکتوبر 2026 کو بھی ملکہ سوتھیدا نے ہوا بازی کے شعبے میں ایک منفرد اعزاز حاصل کیا تھا۔ 

رپورٹ کے مطابق انہوں نے سویڈش ساختہ جنگی طیارہ تنہا اڑا کر دنیا کی پہلی ایسی حکمران ملکہ بننے کا اعزاز حاصل کیا جو سپر سونک فائٹر جیٹ خود اڑا چکی ہیں۔ 

تھائی لینڈ کا شاہی جوڑا طیارے اڑانے کی مہارت کے حوالے سے بھی شہرت رکھتا ہے۔ 

بیرون ملک دوروں کے دوران اکثر تھائی بادشاہ ماہا وجیرالونگ کورن طیارے کے کیپٹن جبکہ ملکہ سوتھیدا کو پائلٹ کی ذمہ داریاں انجام دیتی ہیں۔ 

تاہم اس مرتبہ ملکہ سوتھیدا نے خود بوئنگ طیارے کی قیادت کرتے ہوئے بینکاک سے جاپان تک طویل پرواز مکمل کی اور اپنے ہوا بازی کے تجربے میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کیا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں