Sports

فیفا کا فٹبال کی ترقی کے لیے 6 ارب 35 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ

فیفا کا فٹبال کی ترقی کے لیے 6 ارب 35 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ
۲ گھنٹے پہلے

فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے دنیا بھر میں فٹبال کے فروغ اور ترقی کے لیے 6 ارب 35 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ پیش کردیا ہے، جس کے تحت 211 رکن ممالک کو فی ملک ڈھائی کروڑ ڈالر تک فنڈز فراہم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

 

فیفا ورلڈ کپ 2026 کی ریکارڈ تجارتی کامیابی کے بعد عالمی تنظیم نے فٹبال کی ترقی کے لیے فنڈنگ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ مجوزہ منصوبے کے مطابق 2027 سے 2030 کے دوران فٹبال کی ترقی کے لیے مختص فنڈز دگنے سے بھی زیادہ کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

 

نئے منصوبے کے تحت پاکستان سمیت فیفا کے تمام 211 رکن ممالک اضافی مالی معاونت حاصل کرسکیں گے۔ تاہم فنڈنگ پروگرام کی حتمی منظوری مارچ 2027 میں ہونے والی فیفا کانگریس سے مشروط ہوگی۔

 

فیفا کونسل دسمبر 2026 میں ہونے والے اجلاس میں نئے فنڈنگ منصوبے کی تفصیلات کو حتمی شکل دے گی۔ فنڈز کی تقسیم میں خواتین اور نوجوانوں کے فٹبال کے فروغ کے ساتھ ساتھ انفراسٹرکچر کی ترقی کو خصوصی ترجیح دی جائے گی۔

 

فیفا نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایک ارب 70 کروڑ ڈالر کے مالی ذخائر برقرار رکھنے کی تجویز بھی پیش کی ہے۔

 

دوسری جانب فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو نے متنازع فیفا فارورڈ انٹرپرائز منصوبے میں غلطیوں کا اعتراف کرتے ہوئے معافی مانگ لی ہے اور تصدیق کی ہے کہ یہ منصوبہ مستقل طور پر واپس لے لیا گیا ہے۔

 

جیانی انفینٹینو نے واضح کیا کہ متنازع منصوبے کو مستقبل میں کسی بھی شکل میں دوبارہ پیش نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ فیفا کے فنڈز دراصل اس کے تمام 211 رکن ممالک کی ملکیت ہیں۔

 

فیفا صدر کے مطابق گزشتہ 10 سال کے دوران فی رکن ملک فنڈنگ 10 لاکھ ڈالر سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ ڈالر تک پہنچانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فٹبال سب کے لیے اور ہر جگہ ہے۔

 

جیانی انفینٹینو نے مزید بتایا کہ فیفا کونسل نے تنظیم کے انتظامی اور گورننس نظام میں ممکنہ اصلاحات کا جائزہ لینے کے لیے ایک ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 

فیفا کونسل نے فیفا پیس پرائز کے جائزے کی ذمہ داری متعلقہ کمیٹی کو سونپ دی ہے۔ اس ایوارڈ سے متعلق حتمی فیصلہ دسمبر میں ہونے والے فیفا کونسل کے اجلاس میں کیا جائے گا۔

 

اس کے علاوہ فیفا کونسل نے فٹبال کھلاڑیوں کے خلاف تادیبی کارروائیوں کے طریقہ کار کا بھی جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

 

یہ فیصلہ امریکی فٹبالر فولارین بالوگن پر عائد ایک میچ کی پابندی کو مشروط طور پر مؤخر کیے جانے کے بعد سامنے آیا ہے، جس کے تحت تادیبی قوانین اور کارروائیوں کے موجودہ طریقہ کار کا جائزہ لیا جائے گا۔

 

فیفا کی قانونی کمیٹی دسمبر میں ہونے والے کونسل اجلاس میں کھلاڑیوں کے خلاف تادیبی کارروائیوں کے طریقہ کار سے متعلق اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں