Business

ریٹیلرز کے لیے آسان ٹیکس سکیم ناکام، صرف 1,571 گوشوارے جمع

ریٹیلرز کے لیے آسان ٹیکس سکیم ناکام، صرف 1,571 گوشوارے جمع
۱۱ گھنٹے پہلے

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں مزید توسیع کرکے 31 اکتوبر 2026 مقرر کر دی ہے، تاہم ریٹیلرز کے لیے متعارف کرائی گئی آسان ٹیکس سکیم میں شرکت اب بھی انتہائی محدود ہے۔ 

دستیاب اعداد و شمار کے مطابق ریٹیلرز کے لیے شروع کی گئی آسان ٹیکس سکیم کے تحت اب تک صرف 1,571 گوشوارے جمع کرائے گئے ہیں، جس کے باعث اس سکیم کی ناکامی کے خدشات سامنے آ رہے ہیں۔ 

ایف بی آر نے پہلے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 اکتوبر مقرر کی تھی، جسے اب بڑھا کر 31 اکتوبر 2026 کر دیا گیا ہے۔ 

دوسری جانب ٹیکس وصول کرنے والے ادارے کو مجموعی طور پر اب تک 69 لاکھ انکم ٹیکس گوشوارے موصول ہو چکے ہیں، جن کے ساتھ 72 ارب روپے کی ٹیکس ادائیگیاں کی گئی ہیں۔ 

گزشتہ مالی سال کے اسی دورانیے میں مجموعی طور پر 52 لاکھ ٹیکس گوشوارے جمع ہوئے تھے۔ 

اگرچہ رواں سال گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ ہے، لیکن گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں ادا کیے جانے والے ٹیکس کی مجموعی رقم رواں سال سے زیادہ تھی۔ 

یوں مجموعی طور پر انکم ٹیکس گوشواروں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، تاہم ریٹیلرز کو ٹیکس نظام میں شامل کرنے کے لیے متعارف کرائی گئی آسان ٹیکس سکیم کو اب تک توقع کے مطابق پذیرائی نہیں مل سکی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں