سٹاک مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے بعد تیزی، سونے اور چاندی کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں
کراچی: پاکستان سٹاک مارکیٹ میں آج کاروبار کے دوران ملا جلا رجحان دیکھنے میں آیا، جبکہ ملک میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
کاروباری ہفتے کے پانچویں روز سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز تیزی کے ساتھ ہوا۔ ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران ہنڈرڈ انڈیکس 413 پوائنٹس اضافے کے بعد ایک لاکھ 66 ہزار 500 سے زائد پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
تاہم کاروبار کے دوران مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہا۔ کاروباری روز کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 233 پوائنٹس اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 66 ہزار 419 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری روز بھی سٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان برقرار رہا تھا اور ہنڈرڈ انڈیکس 768 پوائنٹس اضافے کے بعد ایک لاکھ 66 ہزار 186 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب پاکستان میں سونے اور چاندی کی فی تولہ قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 28 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 181 ڈالر تک پہنچ گئی۔
پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت 2 ہزار 800 روپے بڑھ کر 4 لاکھ 40 ہزار 636 روپے ہوگئی۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 2 ہزار 401 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 77 ہزار 774 روپے تک پہنچ گئی۔
چاندی کی فی تولہ قیمت میں بھی 108 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد چاندی کی نئی قیمت 6 ہزار 256 روپے ہوگئی۔