World

کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی ابھیجیت دیپکے نئی دہلی میں احتجاج سے قبل گرفتار

کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی ابھیجیت دیپکے نئی دہلی میں احتجاج سے قبل گرفتار
۴ گھنٹے پہلے

بھارتی پولیس نے نوجوانوں کی سیاسی جماعت کاکروچ جنتا پارٹی، یعنی سی جے پی، کے بانی ابھیجیت دیپکے کو نئی دہلی میں طے شدہ احتجاجی مظاہرے سے قبل حراست میں لے لیا۔ 

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ابھیجیت دیپکے کی گرفتاری بھارت کے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کے مطالبے پر منعقد ہونے والی تازہ احتجاجی ریلی سے پہلے عمل میں آئی۔ 

کاکروچ جنتا پارٹی، اپوزیشن گروپس اور طلبہ تنظیمیں رواں ماہ چیف الیکشن کمشنر کے خلاف تقریباً روزانہ کی بنیاد پر احتجاج کر رہی ہیں۔ 

اپوزیشن جماعتوں کا الزام ہے کہ ووٹر لسٹوں کی حالیہ خصوصی نظرثانی کے دوران وزیراعظم نریندر مودی کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو دانستہ فائدہ پہنچایا گیا۔ 

فراہم کردہ رپورٹ کے مطابق انتخابی فہرستوں پر نظرثانی کے اس عمل میں 13 کروڑ سے زائد افراد کے نام ووٹر لسٹوں سے خارج کیے گئے تھے۔ 

ابھیجیت دیپکے نے جمعے کو احتجاجی مظاہرے کی کال اپنی جماعت کے 2 رہنماؤں کی حمایت میں دی تھی۔ 

ان رہنماؤں کو رواں ہفتے ایک ایسے مقام پر احتجاج کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا جہاں مظاہرے پر پابندی عائد تھی۔ 

گرفتاری کے بعد دونوں رہنماؤں کو 5 روزہ ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا تھا۔ 

سی جے پی اور بائیں بازو کی طلبہ تنظیموں نے کارکنوں اور حامیوں سے اپیل کی تھی کہ وہ جمعے کی شام نئی دہلی کے مصروف علاقے کناٹ پلیس کے سینٹرل پارک میں جمع ہوں اور بھارتی قومی پرچم لہرائیں۔ 

کاکروچ جنتا پارٹی کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے نشر ہونے والی لائیو ویڈیو میں ابھیجیت دیپکے کو ایک گھر سے باہر نکل کر سڑک کی جانب جاتے دیکھا گیا۔ 

اسی دوران پولیس اہلکاروں نے انہیں راستے میں روکا اور مختصر بحث کے بعد پولیس گاڑی میں بٹھا کر اپنے ساتھ لے گئے۔ 

ویڈیو میں ایک پولیس افسر کو دیپکے سے یہ کہتے ہوئے سنا گیا کہ انہیں اسی وقت حراست میں لیا جا رہا ہے۔ 

اس پر ابھیجیت دیپکے نے گرفتاری پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ابھی تک کوئی قانون نہیں توڑا، پھر پولیس انہیں کس بنیاد پر حراست میں لے سکتی ہے؟ 

خبر رساں ایجنسی کے مطابق پولیس نے جمعے کو اس کارروائی سے پہلے بھی ابھیجیت دیپکے سے ملاقات کی تھی اور انہیں مجوزہ احتجاج سے باز رہنے کی تنبیہ کی تھی۔ 

تاہم بعد میں کناٹ پلیس میں طے شدہ مظاہرے کے انعقاد سے پہلے ہی سی جے پی کے بانی کو حراست میں لے لیا گیا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں