World

چین کا اسرائیل سے مغربی کنارے میں یہودی بستیوں کی تعمیر روکنے اور فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ

چین کا اسرائیل سے مغربی کنارے میں یہودی بستیوں کی تعمیر روکنے اور فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ
۲ گھنٹے پہلے

چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ سے ملاقات کی، جس میں مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال، مسئلہ فلسطین اور خطے میں قیام امن کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں امن اور مفاہمت کو فروغ دینا چین کی علاقائی پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔

 

وانگ یی نے غزہ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی مسئلے کا منصفانہ حل خطے میں مستقل اور پائیدار امن کے قیام کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دو ریاستی حل ہی اس تنازع کے خاتمے کا درست راستہ ہے۔

 

چینی وزیر خارجہ نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی بستیوں کی زبردستی تعمیر کا سلسلہ فوری طور پر روکے اور آبادکاری سے متعلق اپنا فیصلہ واپس لے۔

 

وانگ یی نے غزہ میں انسانی بحران مزید سنگین ہونے سے روکنے کے لیے انسانی امداد کی مکمل اور فوری رسائی یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

 

چینی وزیر خارجہ نے تنازع کے حل کے لیے سفارتی کردار ادا کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ چین عالمی برادری کے ساتھ مل کر تمام فریقوں کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے اور مسئلے کا سیاسی حل تلاش کرنے کے لیے کام کرنے کو تیار ہے۔

 

واضح رہے کہ اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کی زمینوں اور املاک کو نقصان پہنچانے کے ساتھ غیر قانونی یہودی بستیوں کی توسیع کی پالیسی جاری رکھی ہوئی ہے، جس کے خلاف عالمی سطح پر شدید احتجاج دیکھنے میں آیا ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں