بابر اعظم 16 ہزار سے زائد انٹرنیشنل رنز بنانے والے پانچویں پاکستانی بیٹر بن گئے
پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بیٹر اور ٹیسٹ کپتان بابر اعظم نے انٹرنیشنل کرکٹ میں اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے تینوں فارمیٹس میں مجموعی طور پر 16 ہزار سے زائد رنز بنانے والے پانچویں پاکستانی کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
فراہم کردہ رپورٹ کے مطابق بابر اعظم نے یہ کارنامہ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں سری لنکا کے خلاف سہ ملکی ون ڈے سیریز کے افتتاحی میچ کے دوران انجام دیا۔
32 سالہ بابر اعظم کے انٹرنیشنل کرکٹ میں مجموعی رنز کی تعداد 16 ہزار 38 ہو گئی ہے، جس کے بعد وہ پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ انٹرنیشنل رنز بنانے والے پانچ بیٹرز میں شامل ہو گئے ہیں۔
بابر اعظم نے اب تک 66 ٹیسٹ میچوں میں 4 ہزار 771 رنز سکور کیے ہیں، جبکہ 144 ون ڈے انٹرنیشنل مقابلوں میں ان کے رنز کی تعداد 6 ہزار 671 ہے۔
اسی طرح انہوں نے 145 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں 4 ہزار 596 رنز بنائے ہیں۔
قومی بیٹر تینوں فارمیٹس میں مجموعی طور پر 32 انٹرنیشنل سنچریاں اور 111 نصف سنچریاں بھی سکور کر چکے ہیں۔
پاکستان کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں سابق کپتان انضمام الحق پہلے نمبر پر ہیں، جنہوں نے 495 میچوں میں 20 ہزار 541 رنز بنائے۔
اس فہرست میں سابق کپتان یونس خان دوسرے نمبر پر موجود ہیں، جنہوں نے 408 انٹرنیشنل میچوں میں 17 ہزار 790 رنز سکور کیے۔
بابر اعظم نے 16 ہزار رنز کا ہندسہ عبور کرکے اپنے انٹرنیشنل کیریئر میں ایک اور اہم اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔