کرکٹ کا نیا ٹیسٹ ٹوئنٹی فارمیٹ متعارف، لڑکے اور لڑکیاں ایک ہی ٹیم میں کھیلیں گے
کرکٹ میں ایک نیا فارمیٹ ’ٹیسٹ ٹوئنٹی‘ متعارف کرایا جا رہا ہے، جس میں لڑکے اور لڑکیاں ایک ہی ٹیم کا حصہ ہوں گے اور الگ الگ اننگز کھیلنے کے باوجود ان کے رنز مشترکہ ٹیم سکور میں شامل کیے جائیں گے۔
یہ منفرد ٹورنامنٹ 14 سے 29 نومبر 2026 تک سری لنکا کے شہر کولمبو میں کھیلا جائے گا۔
منتظمین کے مطابق ٹورنامنٹ میں 13 سے 21 سال کی عمر کے 160 نوجوان کرکٹرز شرکت کریں گے، جنہیں چار براعظمی ٹیموں میں تقسیم کیا جائے گا۔
ہر ٹیم میں 20 لڑکے اور 20 لڑکیاں شامل ہوں گے۔ نئے فارمیٹ کے تحت لڑکے صرف لڑکوں کے خلاف جبکہ لڑکیاں لڑکیوں کے مدمقابل ہوں گی، تاہم میچ میں کامیابی کا فیصلہ دونوں کے مجموعی سکور کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
ٹیسٹ ٹوئنٹی کے ہر میچ میں مجموعی طور پر 80 اوورز کھیلے جائیں گے، جن میں روایتی اور محدود اوورز کی کرکٹ کی خصوصیات یکجا کی گئی ہیں۔
ابتدائی 40 اوورز دن کے وقت سرخ گیند اور روایتی سفید لباس میں کھیلے جائیں گے، جبکہ باقی 40 اوورز فلڈ لائٹس میں سفید گیند اور رنگین لباس کے ساتھ ہوں گے۔
ٹورنامنٹ کے مشاورتی بورڈ میں جنوبی افریقا کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز، آسٹریلیا کے سابق کرکٹر میتھیو ہیڈن اور ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان کلائیو لائیڈ شامل ہیں۔
بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کے بچپن کے کوچ راجکمار شرما کو عالمی سلیکشن کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔
یہ مقابلے کولمبو کے سنہالیز سپورٹس کلب میں منعقد ہوں گے، جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 29 نومبر کو شیڈول ہے۔
تمام میچز سونی سپورٹس نیٹ ورک پر براہ راست نشر کیے جانے کی توقع ہے۔
ٹیسٹ ٹوئنٹی فارمیٹ میں لڑکوں اور لڑکیوں کو ایک ہی ٹیم کا حصہ بنا کر الگ الگ مقابلوں کے ذریعے مشترکہ سکور ترتیب دینے کا نیا تجربہ کیا جائے گا، جس کی شائقین میں مقبولیت کا اندازہ ٹورنامنٹ کے آغاز کے بعد ہوگا۔