World

امریکا اور ایران میں جنگ کے خاتمے کی کوششیں تیز، روسی وزیر خارجہ تہران پہنچ گئے

امریکا اور ایران میں جنگ کے خاتمے کی کوششیں تیز، روسی وزیر خارجہ تہران پہنچ گئے
۴ گھنٹے پہلے

روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف ایران اور امریکا کے درمیان جنگ شروع ہونے کے بعد اپنے پہلے دورے پر تہران پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقاتیں کریں گے۔

 

 دورے کے دوران دوطرفہ تعلقات، علاقائی کشیدگی اور جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ 

روسی خبر رساں اداروں کے مطابق سرگئی لاوروف اتوار کو بحرین میں خلیج تعاون کونسل کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتوں کے بعد پیر کو ایران کے دارالحکومت تہران پہنچے۔ 

روسی وزیر خارجہ کے دورے کا مقصد ایران کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لینے کے علاوہ خطے میں جاری کشیدگی اور جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی اقدامات پر بات چیت کرنا ہے۔ 

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ ملاقاتوں میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوگا، جبکہ روس اور ایران کے درمیان طے پانے والے معاہدوں پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ 

روسی وزارت خارجہ کے مطابق دونوں ممالک کے حکام تجارت، توانائی، سرمایہ کاری اور نقل و حمل سے متعلق مشترکہ منصوبوں پر بھی بات کریں گے۔ 

اس سے قبل رواں ماہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان کو یقین دہانی کرائی تھی کہ ماسکو ایران اور امریکا کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے ثالثی کی کوششوں میں حصہ لینے کو تیار ہے۔ 

سرگئی لاوروف کے دورے کو خطے میں روس کے سفارتی کردار کو مزید مؤثر بنانے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔ 

تاہم ابھی تک مذاکرات کے نتیجے میں جنگ بندی یا کشیدگی میں کمی سے متعلق کسی فوری پیش رفت کا اعلان نہیں کیا گیا۔ 

واضح رہے کہ بحرین میں ہونے والے اجلاس کے دوران خلیجی ممالک نے روس سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ ایران پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے خطے میں حملے رکوانے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنانے میں کردار ادا کرے۔ 

روسی وزیر خارجہ کی تہران میں ملاقاتوں کے دوران انہی سفارتی معاملات کے ساتھ دونوں ممالک کے سیاسی اور اقتصادی تعاون پر بھی بات چیت متوقع ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں