آبنائے ہرمز کی بندش، فرانسیسی صدر میکرون خلیجی دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے
فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون خلیجی ممالک کے دورے کے سلسلے میں متحدہ عرب امارات پہنچ گئے ہیں، جہاں صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے ان کا استقبال کیا۔
دورے کا اہم مقصد آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی بحال کرنے، توانائی کی ترسیل کے راستوں کو محفوظ بنانے اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے خاتمے کے لیے علاقائی قیادت سے مشاورت کرنا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق فرانسیسی صدر کی ابوظہبی آمد پر ہوائی اڈے پر باضابطہ استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی، جس میں متحدہ عرب امارات اور فرانس کے قومی ترانے بجائے گئے، جبکہ اعزازی دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔
ایمانوئل میکرون کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب خلیجی خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی توانائی کی منڈی کو مشکلات کا سامنا ہے۔
دورے کے دوران فرانسیسی صدر علاقائی رہنماؤں سے آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت بحال کرنے اور تیل سمیت توانائی کی ترسیل کے اہم راستوں کے تحفظ پر بات چیت کریں گے۔
فرانس خلیجی ممالک کے ساتھ دفاع، سلامتی، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔
متحدہ عرب امارات کی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں ان شعبوں کے علاوہ نئی ٹیکنالوجی اور علاقائی استحکام سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال متوقع ہے۔
یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب خلیجی ممالک خطے میں کشیدگی کم کرنے اور عالمی توانائی کی ترسیل معمول پر لانے کے لیے سفارتی کوششیں تیز کر رہے ہیں۔
دوسری جانب خلیجی ممالک کی جانب سے روس سے ایران پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے جنگ بندی کے لیے کردار ادا کرنے کی اپیل کے بعد روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف بھی پیر کو تہران پہنچ گئے۔
رپورٹ کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان جاری جنگ کے باعث خطے میں توانائی کی تنصیبات اور سمندری نقل و حمل کو خطرات لاحق ہیں۔
ان حالات کی وجہ سے عالمی سطح پر تیل کی فراہمی میں تعطل اور قیمتوں میں اضافے کی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔