Pakistan

سندھ ہائیکورٹ نے را کے ایجنٹ کی سزا کے خلاف اپیل پر فیصلہ محفوظ کر لیا

سندھ ہائیکورٹ نے را کے  ایجنٹ کی سزا کے خلاف اپیل پر فیصلہ محفوظ کر لیا
۵ گھنٹے پہلے

سندھ ہائیکورٹ نے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے مبینہ ایجنٹ محمد سلیم کی سزا کے خلاف دائر اپیل پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ عدالت نے فریقین کے وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا۔ 

کراچی میں سندھ ہائیکورٹ کے سامنے پراسکیوشن نے مؤقف اختیار کیا کہ انسداد دہشتگردی عدالت نے ملزم محمد سلیم کو 3 بار عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ 

پراسکیوشن کے مطابق ملزم کے خلاف پاکستان کے خلاف مسلح جارحیت، دھماکا خیز مواد رکھنے اور دیگر سنگین الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ 

سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ 7 اکتوبر 2024 کو سپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) کو کراچی کے علاقے منوڑا میں را کے مبینہ ایجنٹ کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔ 

اطلاع ملنے پر حکام نے موٹر سائیکل پر سوار مشتبہ شخص کو روکا اور اس کی تلاشی لی۔ 

پراسکیوشن نے دعویٰ کیا کہ تلاشی کے دوران ملزم کے قبضے سے پستول، دھماکا خیز مواد، اوان بم اور راکٹ لانچر برآمد ہوئے۔ 

سرکاری وکیل کے مطابق ملزم کے قبضے سے 2 پاسپورٹ بھی ملے، جبکہ اس نے مبینہ طور پر غیر قانونی طریقے سے پاکستانی شہریت حاصل کی تھی۔ 

دوسری جانب وکیل صفائی نے تمام الزامات مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ محمد سلیم کے خلاف عائد الزامات بے بنیاد ہیں اور ان کی حمایت میں کوئی ثبوت موجود نہیں۔ 

وکیل صفائی نے عدالت سے استدعا کی کہ ماتحت عدالت کی جانب سے ملزم کو سنائی گئی سزا کالعدم قرار دی جائے۔ 

سندھ ہائیکورٹ نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد سزا کے خلاف اپیل پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں