Pakistan

شنگھائی تعاون تنظیم پائیدار معاشی ترقی میں قائدانہ کردار ادا کر سکتی ہے، اسحاق ڈار

شنگھائی تعاون تنظیم پائیدار معاشی ترقی میں قائدانہ کردار ادا کر سکتی ہے، اسحاق ڈار
۴ گھنٹے پہلے

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم ڈیجیٹل تبدیلی اور پائیدار معاشی ترقی کے فروغ میں قائدانہ کردار ادا کر سکتی ہے۔

 

 پاکستان زراعت، کان کنی، معدنی وسائل اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کا حامی ہے۔ 

دوشنبے میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری، یعنی سی پیک، تنظیم کے رکن ممالک کو معاشی انضمام کے مشترکہ سفر میں تیزی لانے کے اہم مواقع فراہم کرتی ہے۔ 

انہوں نے زور دیا کہ توانائی کے شعبے میں تعاون اور عالمی معلوماتی سلامتی کو شنگھائی تعاون تنظیم کے ایجنڈے کا اہم حصہ بنایا جانا چاہیے۔ 

نائب وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم کی پاکستان کی صدارت کے لیے اپنا وژن پیش کیا ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ شنگھائی تعاون تنظیم باہمی اعتماد اور تنوع کے احترام کے اصولوں پر قائم ہے اور پاکستان خطے میں روابط بڑھانے کے لیے رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔ 

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے ایجنڈے پر عمل درآمد کے لیے پرعزم ہے، جبکہ تنظیم کا خطہ عالمی معاشی ترقی کا ایک اہم مرکز بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ 

انہوں نے بتایا کہ شنگھائی تعاون تنظیم نے اپنا دائرہ کار تجارت، بنیادی ڈھانچے، ثقافت اور جدت کے شعبوں تک وسیع کر دیا ہے۔ 

نائب وزیراعظم کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان کی شمولیت شنگھائی اسپرٹ سے وابستگی کی عکاس ہے، جس کی بنیاد باہمی تعاون اور اعتماد پر ہے۔ 

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ توانائی اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں ہدفی سرمایہ کاری علاقائی رابطوں کے فروغ اور معاشی انضمام کو مضبوط بنانے کے لیے نہایت اہم ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں