پنجاب پولیس کو امن وامان بہتر بنانے کیلئے 4 ہفتوں کی مہلت، متعلقہ افسران کو ہٹا دوں گی، مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم میں اضافے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال بہتر بنانے کے لیے پولیس کو 4 ہفتوں کی مہلت دے دی ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ مقررہ مدت میں صورتحال بہتر نہ ہونے پر متعلقہ پولیس افسران کو عہدوں سے ہٹا دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ریجنل پولیس افسران اور ڈسٹرکٹ پولیس افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
اجلاس میں آئی جی پنجاب نے صوبے بھر میں جرائم کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب میں مجموعی طور پر جرائم کی شرح میں کمی کا رجحان ریکارڈ کیا گیا ہے۔
بریفنگ کے مطابق لاہور میں جرائم میں 41 فیصد، ملتان ریجن میں 47 فیصد، بہاولپور ریجن میں 52 فیصد، گوجرانوالہ ریجن میں 67 فیصد اور گجرات ریجن میں 58 فیصد کمی ہوئی ہے۔
تاہم وزیراعلیٰ نے خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیس حکام کو شہریوں کے تحفظ کے لیے مزید مؤثر اقدامات کی ہدایت کی۔
مریم نواز نے تمام اضلاع خصوصاً صوبائی سرحدی علاقوں میں گندم کی سمگلنگ روکنے، رشوت ستانی میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی تیز کرنے اور ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف پیشگی اقدامات کرنے کا حکم دیا۔
وزیراعلیٰ نے ٹریفک مینجمنٹ کی صورتحال پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے تیز رفتاری کے خلاف مؤثر کارروائی اور کیمرے والی عینک سمیت دیگر جاسوسی آلات پر پابندی پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے صوبے بھر میں پولیس پٹرولنگ بڑھانے، منشیات کے خاتمے، جرائم کے ہاٹ سپاٹس کی نشاندہی اور جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کا حکم دیا۔
مریم نواز نے واضح کیا کہ پنجاب میں بدمعاشی کلچر کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور جرائم میں ملوث افراد کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
انہوں نے تمام آر پی اوز کو جرائم کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ہفتہ وار اجلاس منعقد کرنے اور متعلقہ ڈی پی اوز کی کارکردگی رپورٹس پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔
اجلاس میں ملتان کے واقعے سمیت دیگر سنگین جرائم کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعلیٰ نے مجوزہ دھرنے کے دوران بہترین ڈیوٹی انجام دینے پر آر ایم سی پولیس فورس کی کارکردگی کو سراہا۔
مریم نواز نے دوران ڈیوٹی جان کی قربانی دینے والے پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جاں بحق پولیس افسران کے اہل خانہ کو تاحیات تنخواہ اور مالی پیکیج فراہم کیا جائے۔