وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین سے غیر ملکی شہریت کی تفصیلات طلب کر لیں، 90 روز کی مہلت
وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کی غیر ملکی شہریت سے متعلق تفصیلات طلب کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے نئی ہدایات جاری کردی ہیں، جن کے تحت ملازمین کو 90 روز کے اندر اپنی غیر ملکی شہریت سے متعلق ڈیکلیئریشن جمع کرانا ہوگا۔
جاری کردہ سرکاری میمورنڈم کے مطابق ملازمین سے ان کی غیر ملکی شہریت کے ساتھ ساتھ زیرِ کفالت افراد کی غیر ملکی شہریت اور سفری دستاویزات کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔
حکومت نے غیر ملکی شہریت سے متعلق معلومات فراہم کرنے کے لیے باقاعدہ پرفارما بھی جاری کردیا ہے۔
تمام وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ماتحت افسران اور ملازمین سے متعلق مطلوبہ تفصیلات جمع کرائیں۔
میمورنڈم میں واضح کیا گیا ہے کہ سرکاری ملازمین کو کسی غیر ملکی شہری سے شادی کی صورت میں اس کی تفصیلات بھی فراہم کرنا ہوں گی۔
وفاقی حکومت کی نئی ہدایات کے مطابق متعلقہ ملازمین کو تمام مطلوبہ معلومات اور ڈیکلیئریشن مقررہ 90 روز کے اندر جمع کرانا ہوگا۔