Pakistan

پاکستان اور یورپی یونین کے انسدادِ دہشت گردی مذاکرات، افغانستان کی صورتحال پر تشویش

پاکستان اور یورپی یونین کے انسدادِ دہشت گردی مذاکرات، افغانستان کی صورتحال پر تشویش
۱ منٹ پہلے

پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان انسدادِ دہشت گردی مذاکرات کا 10واں دور اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے خطرات، افغانستان کی صورتحال اور انسدادِ دہشت گردی کے شعبے میں دوطرفہ و عالمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

دونوں فریقوں نے دہشت گردی کی تمام اقسام کی واضح الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس خطرے سے نمٹنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ یورپی یونین نے پاکستان میں حالیہ دہشت گرد حملوں کی مذمت کی اور متاثرہ بے گناہ شہریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ 

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی وفد کی قیادت ڈائریکٹر جنرل انسدادِ دہشت گردی ڈاکٹر فریحہ بگٹی نے کی، جبکہ یورپی یونین کے وفد کی سربراہی یورپی خارجہ امور کی سروس کی انسدادِ دہشت گردی کے لیے خصوصی نمائندہ انا اسٹرزاسکا نے کی۔ 

مذاکرات کے دوران پاکستان اور یورپی یونین نے دہشت گردی کے خطرات پر اثرانداز ہونے والی علاقائی اور عالمی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کی اہمیت کو تسلیم کیا۔ 

دونوں فریقوں نے عالمی سطح پر انسدادِ دہشت گردی کی کوششوں میں ایک دوسرے کے کردار کو سراہتے ہوئے افغانستان کی موجودہ صورتحال کے علاقائی سلامتی پر مرتب ہونے والے اثرات پر تشویش کا اظہار کیا۔ 

پاکستان اور یورپی یونین نے اقوام متحدہ سمیت مختلف کثیرالجہتی فورمز پر تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق کیا تاکہ دہشت گردی کے خلاف مشترکہ اور مربوط حکمت عملی کو آگے بڑھایا جاسکے۔ 

دونوں فریقوں نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردی کے خلاف عالمی اتفاقِ رائے پیدا کرنے اور دیرپا نتائج حاصل کرنے کے لیے مؤثر کثیرالجہتی تعاون ناگزیر ہے۔ 

مذاکرات میں دہشت گردی کے بدلتے ہوئے خطرات پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی، جن میں دہشت گرد تنظیموں کی جانب سے اپنے مقاصد کے حصول کے لیے سائبر سپیس، معلومات اور توانائی کے وسائل کا بڑھتا ہوا استعمال شامل ہے۔ 

پاکستان اور یورپی یونین نے پرتشدد انتہا پسندی کی روک تھام، دہشت گردی کی مالی معاونت کے خاتمے اور ہر قسم کی انتہا پسندی سے نمٹنے کے لیے بہترین طریقہ کار اور تجربات کا تبادلہ کیا۔ 

اس موقع پر دہشت گردوں کی جانب سے سائبر سپیس کے استعمال سمیت نئے اور ابھرتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے اہم پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ 

دونوں فریقوں نے انسدادِ دہشت گردی کے شعبے میں مستقبل کے تعاون کے لیے ترجیحی شعبوں کی نشاندہی کی اور باقاعدہ ادارہ جاتی روابط جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ 

پاکستان اور یورپی یونین نے اتفاق کیا کہ انسدادِ دہشت گردی مذاکرات کا اگلا دور آئندہ سال برسلز میں باہمی طور پر طے شدہ تاریخ پر منعقد ہوگا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں