Breaking News

فرانس میں اے آئی سے لکھی کتابوں کے لیے نیا ادبی انعام متعارف

فرانس میں اے آئی سے لکھی کتابوں کے لیے نیا ادبی انعام متعارف
۱ منٹ پہلے

فرانس میں مصنوعی ذہانت کی مدد سے لکھی گئی کتابوں کو تسلیم کرنے کے لیے ایک نیا ادبی انعام متعارف کرا دیا گیا ہے، جس کے تحت مقابلہ جیتنے والے مصنف کو اپنی کتاب شائع کروانے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ 

برطانوی اخبار دی گارڈین کے مطابق اس مقابلے کا نام ’’پرکس پاسکل دے لٹریچر آئی اے‘‘ رکھا گیا ہے، جس میں چیٹ جی پی ٹی، کلاؤڈ، جیمنائی اور لاما سمیت مختلف اے آئی ٹولز کی مدد سے تخلیق کیے گئے مسودے جمع کرائے جا سکتے ہیں۔ 

اس ادبی مقابلے میں دنیا بھر کے لکھاری حصہ لے سکتے ہیں، تاہم جمع کرائے جانے والے مسودوں کا فرانسیسی زبان میں ہونا ضروری ہے۔ 

مقابلے کے قواعد کے مطابق ہر مسودہ کم از کم 10 ہزار اور زیادہ سے زیادہ 50 ہزار الفاظ پر مشتمل ہونا چاہیے۔ 

درخواست دہندگان کو یہ بھی واضح کرنا ہوگا کہ انہوں نے اپنی تحریر تیار کرنے کے لیے کون سا مصنوعی ذہانت کا ماڈل استعمال کیا اور اس دوران کون سے پرومپٹس دیے گئے۔ 

اس مقابلے کو معروف فرانسیسی ریاضی دان اور فلسفی بلیز پاسکل کے نام سے منسوب کیا گیا ہے، جنہوں نے ابتدائی مکینیکل کیلکولیٹر کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ 

یہ ادبی انعام ایسے وقت میں متعارف کرایا گیا ہے جب دنیا بھر میں ادب اور تخلیقی تحریروں میں مصنوعی ذہانت کے استعمال پر بحث اور تنازع بڑھ رہا ہے۔ 

کئی معروف بین الاقوامی ادبی مقابلوں، جن میں کامن ویلتھ شارٹ سٹوری پرائز، کین پرائز اور فرانس کا باوقار پرکس گونکور شامل ہیں، میں جمع کرائی گئی تحریروں کے حوالے سے مصنوعی ذہانت کے ممکنہ استعمال پر سوالات اٹھائے جا چکے ہیں۔ 

رپورٹ کے مطابق نئے فرانسیسی ادبی مقابلے کے لیے درخواستوں کی وصولی منگل سے شروع ہوچکی ہے اور یہ سلسلہ نومبر کے آخر تک جاری رہے گا۔ 

منتظمین مجموعی طور پر 10 مسودوں کو شارٹ لسٹ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، جبکہ فاتح کے نام کا اعلان دسمبر کے اوائل میں متوقع ہے۔ 

مقابلے میں جمع کرائی جانے والی تحریروں کا جائزہ لینے کے لیے پانچ یا چھ ارکان پر مشتمل جیوری تشکیل دی جائے گی، جس میں مصنفین، ادبی ناقدین، صحافی، فلسفی اور پبلشرز شامل ہوں گے۔ 

جیوری کے ارکان کے ناموں کا اعلان نومبر کے اوائل میں متوقع ہے۔ 

یہ مقابلہ مصنوعی ذہانت کی مدد سے تخلیق کیے جانے والے ادب کو تسلیم کرنے کی ایک نئی کوشش ہے، جبکہ ادبی دنیا میں تخلیقی عمل میں اے آئی کے کردار پر بحث بدستور جاری ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں