سعودی عرب کا حوثیوں کے 5 ڈرون تباہ کرنے کا دعویٰ
سعودی عرب کے زیر قیادت مشترکہ اتحادی افواج نے مدینہ منورہ اور مشرقی صوبے کی جانب آنے والے حوثیوں کے 5 ڈرونز فضا میں تباہ کرکے حملے ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ متحدہ عرب امارات نے شاہ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حوثیوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
سعودی اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق سعودی عرب کی جانب بھیجے گئے پانچوں ڈرونز کو مقررہ مقامات تک پہنچنے سے پہلے ہی فضا میں روک کر تباہ کردیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ چار ڈرونز مدینہ منورہ اور سعودی عرب کے مشرقی صوبے کے علاقوں کی جانب بڑھ رہے تھے، جنہیں فضائی حدود میں روک کر تباہ کیا گیا۔
میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق ایک اور ڈرون کو بھی مشرقی صوبے کی جانب آتے ہوئے نشانہ بنایا گیا۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے سعودی عرب کے شاہ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حوثیوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
اماراتی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ شاہ فہد ایئرپورٹ پر حملہ سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور استحکام کے لیے خطرہ ہے۔
وزارت خارجہ نے سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ متحدہ عرب امارات مملکت کی سلامتی کے تحفظ کے لیے سعودی حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔
واضح رہے کہ پانچ ڈرونز کو فضا میں تباہ کرنے کا دعویٰ سعودی عرب کے زیر قیادت اتحادی افواج کی جانب سے کیا گیا ہے۔