پی ایس ایل 18 مارچ سے 2 مئی تک ہوگی، پلیئرز آکشن 23 جنوری کو،میچز 6 شہروں میں ہونگے
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کی زیر صدارت ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کی گورننگ کونسل کے اہم ورچوئل اجلاس میں پی ایس ایل سیزن 12 کے شیڈول، پلیئرز آکشن اور کھلاڑیوں کی براہ راست سائننگ سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔
فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 12 کا انعقاد 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک ہوگا، جبکہ پلیئرز آکشن 23 جنوری کو منعقد کرنے اور میچز ملک کے 5 سے 6 شہروں میں کرانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پی ایس ایل کے آئندہ سیزن کی تیاریوں، شیڈول اور فرنچائزز سے متعلق مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ ساؤتھ ایشین گیمز کے شیڈول کو مدنظر رکھتے ہوئے پی ایس ایل 12 کے حتمی شیڈول کو ترتیب دیا جائے گا تاکہ دونوں ایونٹس کی تاریخوں میں ممکنہ ٹکراؤ سے بچا جاسکے۔
اجلاس میں سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 12 کا آغاز 18 مارچ سے ہوگا اور ایونٹ 2 مئی 2027 تک جاری رہے گا، جبکہ لیگ کا سپورٹ پیریڈ 15 مارچ سے شروع ہونے کی تجویز دی گئی ہے۔
گورننگ کونسل نے سیزن 12 کے لیے پلیئرز آکشن 23 جنوری کو منعقد کرنے کا فیصلہ کیا، جس کے لیے لاہور کو مجوزہ مقام قرار دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئندہ سیزن کے مقابلے پاکستان کے 5 سے 6 مختلف شہروں میں منعقد کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
مجوزہ میزبان شہروں میں لاہور، کراچی، فیصل آباد، ملتان اور راولپنڈی شامل ہیں، جبکہ لیگ کا فائنل لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کرانے کی تجویز بھی زیر غور آئی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اعلان کیا کہ کھلاڑیوں کی ڈائریکٹ سائننگ کا عمل 23 اکتوبر سے 23 نومبر 2026 تک جاری رہے گا۔
اس طریقہ کار کے تحت ہر فرنچائز ایک ایسے مارکی کھلاڑی کو براہ راست سائن کرسکے گی جو گزشتہ دو پی ایس ایل سیزنز میں شریک نہ ہوا ہو۔
براہ راست سائننگ کے اس موقع سے فرنچائزز کو پلیئرز آکشن سے قبل اپنی ٹیموں میں اہم کھلاڑی شامل کرنے کا موقع ملے گا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام فرنچائزز کو متحرک کرکے آئندہ سیزن کو مزید وسیع، دلچسپ اور شائقین کرکٹ کے لیے یادگار بنایا جائے گا۔
اجلاس میں زیر بحث آنے والے شیڈول اور مقامات کی تفصیلات کے مطابق مکمل میچ پروگرام، میزبان شہروں کی حتمی تعداد اور فائنل کے مقام کی باضابطہ تصدیق ہونا باقی ہے۔