برطانیہ میں طوفان آسٹن سے تباہی، ہزاروں گھر بجلی سے محروم، مزید شدید موسم کا انتباہ
برطانیہ میں طوفان آسٹن کے باعث تیز ہواؤں اور بارش نے مختلف علاقوں میں نظامِ زندگی مفلوج کردیا۔ ہزاروں گھر بجلی سے محروم ہوگئے، درخت گرنے سے سڑکوں اور ریلوے سروس میں خلل پڑا جبکہ فضائی سفر بھی متاثر ہوا۔
محکمہ موسمیات نے انگلینڈ اور ویلز کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں کا زرد انتباہ برقرار رکھتے ہوئے شمالی انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ میں مزید خراب موسم کی پیش گوئی کی ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق طوفان سے جنوب مغربی انگلینڈ کے علاقے کارن وال، ڈیون اور ویلز کے مختلف حصے شدید متاثر ہوئے، جہاں درخت گرنے اور بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچنے سے ہزاروں گھروں کی بجلی منقطع ہوگئی۔
متاثرہ علاقوں میں مرمتی ٹیمیں نقصان کا جائزہ لینے اور بجلی کی فراہمی بحال کرنے میں مصروف ہیں، جبکہ متعدد سڑکوں پر درخت اور شاخیں گرنے سے آمدورفت بھی متاثر ہوئی۔
جنوب مغربی انگلینڈ کے لیے جاری امبر وارننگ کی مدت ختم ہوچکی ہے، تاہم انگلینڈ اور ویلز کے کئی علاقوں میں زرد موسمی انتباہ برقرار ہے۔
برطانوی محکمہ موسمیات کے مطابق متعدد علاقوں میں ہواؤں کی رفتار 40 سے 50 میل فی گھنٹہ، یعنی تقریباً 65 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے، جبکہ ساحلی اور کھلے مقامات پر مزید تیز ہوائیں چلنے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہواؤں سے درختوں کی شاخیں ٹوٹ سکتی ہیں، عمارتوں اور چھتوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور اڑتے ملبے کے باعث شہریوں کے زخمی ہونے کا خطرہ بھی موجود ہے۔
طوفان کے باعث ریل سروس بھی متاثر ہوئی۔ جنوبی انگلینڈ کے علاقے ویسٹ سسیکس میں اینگرمرنگ ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم پر ایک درخت گرگیا۔
سدرن ریلوے کے مطابق واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا، تاہم اینگرمرنگ اور ورتھنگ کے درمیان ٹرینوں کی آمدورفت متاثر ہوئی۔
ریلوے حکام نے بتایا کہ درخت کے قریب سے گزرنے والی ٹرینیں کم رفتار پر چلائی جارہی ہیں اور عملہ رکاوٹ دور کرنے میں مصروف ہے۔ مسافروں کو سفر سے قبل ٹرین سروس کی تازہ صورتحال معلوم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
خراب موسم کے باعث فضائی سفر میں بھی تاخیر ہوئی۔ لینڈز اینڈ ایئرپورٹ سے سینٹ میری جانے والی جمعے کی پہلی پرواز، جو معمول کے مطابق صبح 10 بج کر 15 منٹ پر روانہ ہوتی ہے، دوپہر 2 بج کر 5 منٹ کے لیے مقرر کی گئی۔
مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سفر سے پہلے متعلقہ ایئرپورٹ یا فضائی کمپنی سے پروازوں کے اوقات کی تصدیق کریں۔
دوسری جانب اسکاٹ لینڈ کے بیشتر علاقوں میں موسم ابر آلود رہنے کی توقع ہے، جبکہ وسطی، جنوبی اور مشرقی حصوں میں بعض مقامات پر شدید اور مسلسل بارش ہوسکتی ہے۔
گرامپینز اور جنوب مشرقی ہائی لینڈز کے بعض علاقوں میں زیادہ بارش متوقع ہے، تاہم مغربی اسکاٹ لینڈ میں بعد ازاں موسم نسبتاً خشک ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
شمالی آئرلینڈ میں بارش کے بعد موسم بہتر ہونے اور دھوپ نکلنے کی توقع ہے، اگرچہ بعض مقامات پر وقفے وقفے سے بارش جاری رہ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق برطانیہ کے شمالی علاقوں میں درجہ حرارت 8 سے 11 ڈگری سینٹی گریڈ اور جنوبی علاقوں میں 10 سے 13 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
طوفان آسٹن کے بعد شمالی برطانیہ میں ایک اور طوفان، بویلو، کے باعث موسمی صورتحال مزید خراب ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
ہفتے کے روز شمالی انگلینڈ کے بڑے حصے کے لیے زرد موسمی انتباہ جاری کیا گیا ہے، جس میں لیورپول، مانچسٹر، لیڈز، یارک، شیفیلڈ اور ہل سمیت کئی شہر شامل ہیں۔
یہ انتباہ ہفتے کی دوپہر 12 بجے سے رات 9 بجے تک نافذ رہنے کے لیے جاری کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ اسکاٹ لینڈ کے بڑے حصے اور شمالی انگلینڈ میں ہفتے کی رات 9 بجے سے اتوار کی شام تک امبر وارننگ نافذ ہونے کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید درخت گرنے، عمارتوں کو نقصان پہنچنے، بجلی کی بندش اور سفری مشکلات کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، تیز ہواؤں کے دوران درختوں اور تعمیراتی مقامات سے دور رہنے اور غیر محفوظ اشیا سے فاصلہ رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔
اسی طرح مسافروں کو ٹرینوں اور پروازوں کے اوقات پہلے سے معلوم کرنے جبکہ بجلی کی گری ہوئی تاروں سے دور رہنے اور ایسی کسی صورتحال کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔