اولمپکس 2028 کرکٹ کوالیفائرز اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کی تاریخوں کا اعلان
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 2027 سے 2031 کے دوران ہونے والے اہم عالمی کرکٹ ایونٹس کے شیڈول اور نئی تاریخوں سے رکن ممالک کو آگاہ کردیا ہے۔
لاس اینجلس اولمپکس 2028 کے لیے مردوں اور خواتین کے کرکٹ کوالیفائنگ مقابلے جنوری اور فروری میں منعقد ہوں گے، جبکہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2029 کے فائنل کی تاریخیں بھی طے کردی گئی ہیں۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں کرکٹ کی واپسی ہوگی اور اس ایونٹ میں شرکت کے لیے مردوں اور خواتین کی ٹیموں کے کوالیفائنگ مقابلے جنوری اور فروری 2028 میں کھیلے جائیں گے۔
فراہم کردہ رپورٹ کے مطابق کرکٹ 1904 کے بعد پہلی مرتبہ اولمپک مقابلوں کا حصہ بنے گی۔
امریکا کی مردوں کی کرکٹ ٹیم میزبان ملک کی حیثیت سے براہ راست کوالیفائی کرنے کی پوزیشن میں ہے، تاہم امریکی خواتین ٹیم کی شرکت عالمی رینکنگ کے مقررہ معیار پر پورا اترنے سے مشروط ہوگی۔
آئی سی سی کے مطابق اگر امریکا کی خواتین ٹیم مطلوبہ معیار پر پورا نہ اتری تو متبادل ٹیم کا فیصلہ فروری 2027 میں ہونے والی ویمنز چیمپئنز ٹرافی کی کارکردگی کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
دوسری جانب ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2029 کا فائنل 8 سے 12 جون تک انگلینڈ میں کھیلا جائے گا۔
یہ فائنل 2027 اور 2031 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے درمیان شیڈول کیے گئے متعدد بڑے بین الاقوامی کرکٹ مقابلوں میں شامل ہے۔
آئی سی سی نے خواتین اور مردوں کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2028 کی تاریخوں سے بھی رکن ممالک کو آگاہ کردیا ہے۔
شیڈول کے مطابق پاکستان خواتین کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2028 کی میزبانی کرے گا، جو 7 ستمبر سے یکم اکتوبر تک منعقد ہوگا۔
اسی طرح مردوں کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 12 اکتوبر سے 12 نومبر 2028 تک آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں کھیلا جائے گا، جہاں دونوں ممالک مشترکہ طور پر ایونٹ کی میزبانی کریں گے۔
آئی سی سی کے ان شیڈول سے متعلق اعلانات کے بعد رکن ممالک کو اولمپک کوالیفائرز، ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ اور دیگر بڑے عالمی مقابلوں کی تیاریوں کے لیے اہم تاریخیں فراہم کردی گئی ہیں۔