Breaking News

افغان شہریوں کو مسلح کرنے سے متعلق زلمے خلیل زاد کے الزامات بے بنیاد ہیں،پاکستان

افغان شہریوں کو مسلح کرنے سے متعلق زلمے خلیل زاد کے الزامات بے بنیاد ہیں،پاکستان
۱ منٹ پہلے

پاکستان نے سابق امریکی سفارتکار زلمے خلیل زاد کی جانب سے افغان شہریوں کو طالبان اور پاکستان مخالف مسلح گروہوں کے خلاف لڑنے کے لیے بھرتی اور مسلح کرنے کے الزامات مسترد کردیے ہیں۔ وزارتِ اطلاعات و نشریات نے ان دعوؤں کو من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کو افغانستان کے اندر مسلح گروہوں کی حمایت یا افغان شہریوں کی بھرتی سے جوڑنا درست نہیں۔ 

وزارتِ اطلاعات و نشریات کے فیکٹ چیک اکاؤنٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں زلمے خلیل زاد کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے پاکستان کی سیکیورٹی کارروائیوں سے متعلق اپنا مؤقف پیش کیا۔ 

واضح رہے کہ 23 اکتوبر کو زلمے خلیل زاد نے ایکس پر پوسٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ افغانستان میں طالبان کے خلاف لڑائی کے لیے افغان شہریوں کو مسلح کیے جانے کی متعدد اطلاعات سامنے آتی رہی ہیں۔ 

ان الزامات کے جواب میں وزارتِ اطلاعات و نشریات نے کہا کہ پاکستان کی کارروائیاں ان دہشت گرد گروہوں کے خلاف ہیں جو افغان طالبان کے زیر انتظام علاقوں سے سرگرم ہیں اور پاکستان کی سلامتی کے لیے خطرہ سمجھے جاتے ہیں۔ 

وزارت کے مطابق دہشت گرد تنظیموں کے خلاف پاکستان کی کارروائیوں کو افغان شہریوں کی بھرتی یا افغانستان میں مسلح گروہوں کی حمایت کے طور پر پیش کرنا گمراہ کن ہے۔ 

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پیش پیش رہا ہے اور علاقائی امن و سلامتی کے لیے بڑی قربانیاں دے چکا ہے۔ 

وزارتِ اطلاعات و نشریات نے اقوامِ متحدہ کی نگرانی سے متعلق متعدد رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان میں افغانستان میں تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور القاعدہ سمیت مختلف دہشت گرد تنظیموں کی موجودگی اور سرگرمیوں کا ذکر کیا گیا ہے۔ 

پاکستانی مؤقف کے مطابق زلمے خلیل زاد کے الزامات افغان طالبان حکومت کی اس ذمہ داری سے توجہ ہٹانے کا باعث بنتے ہیں کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکے۔ 

وزارتِ اطلاعات و نشریات نے مزید کہا کہ زلمے خلیل زاد کی جانب سے غیر مصدقہ الزامات دہرانا ان کے اپنے نقطہ نظر کی عکاسی کرتا ہے۔ 

 

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں