چھاتی کے کینسر سے آگاہی ،پاکستانی ٹیم انگلینڈ کے خلاف پنک کٹ پہن کر میچ کھیلے گی
پاکستان کرکٹ بورڈ نے لاہور میں 25 اکتوبر کو پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان شیڈول ون ڈے انٹرنیشنل میچ چھاتی کے کینسر سے آگاہی کے لیے مختص کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
اس خصوصی مہم کے تحت قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی پنک کٹ پہن کر میدان میں اتریں گے، جبکہ بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی کی دستخط شدہ خصوصی شرٹس بھی نیلام کی جائیں گی۔
پی سی بی کے مطابق یہ اقدام چھاتی کے کینسر سے آگاہی کے لیے کام کرنے والے ادارے پنک ربن کے اشتراک سے کیا جارہا ہے، جس کا مقصد خواتین میں اس مرض کے بارے میں شعور اجاگر کرنا اور متاثرہ مریضوں کی مالی معاونت کرنا ہے۔
اس مہم کے تحت پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان لاہور میں 25 اکتوبر کو ہونے والے ون ڈے میچ میں قومی ٹیم کے کھلاڑی خصوصی پنک کٹ پہنیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے آگاہی مہم کے سلسلے میں قومی ٹیم کے نمایاں کھلاڑیوں کی دستخط شدہ خصوصی فین شرٹس نیلام کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
بورڈ کے مطابق نیلامی کے لیے پیش کی جانے والی شرٹس میں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم اور فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی دستخط شدہ شرٹس بھی شامل ہوں گی۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم چھاتی کے کینسر میں مبتلا ان خواتین کے علاج پر خرچ کی جائے گی جو مالی مشکلات کے باعث اپنے طبی اخراجات برداشت نہیں کرسکتیں۔
اس اقدام کے ذریعے کرکٹ شائقین کو اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کی دستخط شدہ خصوصی شرٹس حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ کینسر سے متاثرہ خواتین کے علاج میں مالی تعاون کرنے کا موقع بھی ملے گا۔
پی سی بی اور پنک ربن کی مشترکہ مہم کا مقصد کرکٹ کے پلیٹ فارم سے چھاتی کے کینسر کے بارے میں آگاہی کو فروغ دینا اور ضرورت مند مریضوں کی مدد کے لیے شائقین کی شرکت یقینی بنانا ہے۔