سیٹ سے کوئی سروکار نہیں، ہمارا مقصد کرکٹ اچھے انداز میں کھیلنا ہے، شاہین آفریدی
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹرائی سیریز میں قومی ٹیم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے دونوں میچز میں کامیابی سے ہدف کا دفاع کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹیم کا مقصد اچھی کرکٹ کھیلنا اور متوازن کمبی نیشن برقرار رکھنا ہے، جبکہ فخر زمان ون ڈے کرکٹ میں پاکستان کے اہم کھلاڑی ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہین آفریدی نے کہا کہ ٹرائی سیریز میں قومی ٹیم کی مجموعی کارکردگی اچھی رہی ہے اور دونوں میچز میں ہدف کا دفاع کرنا مثبت بات ہے۔
انہوں نے سری لنکن ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سری لنکا کو کریڈٹ جاتا ہے، جبکہ انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان میچ بھی اچھا رہا۔
پچز کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے قومی کپتان نے بتایا کہ انہوں نے یہاں بھی اسی نوعیت کی پچز تیار کرنے کا کہا ہے اور انہیں یقین ہے کہ پاکستان ٹیم ان کنڈیشنز میں بھی اچھا کھیلے گی۔
شاہین آفریدی نے صائم ایوب کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کو ان کی اچھی بولنگ سے فائدہ ہوا ہے۔
ٹیم سلیکشن سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ہمیں سیٹ سے کوئی سروکار نہیں، ہمارا مقصد اپنی کرکٹ اچھے انداز میں کھیلنا ہے۔
قومی کپتان نے فخر زمان کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فخر کا ٹیم میں ہونا بہت ضروری ہے کیونکہ وہ ون ڈے فارمیٹ کے اہم کھلاڑی ہیں۔
شاہین آفریدی نے واضح کیا کہ ٹیم مینجمنٹ بار بار تبدیلیاں کرنے کے بجائے ایک مضبوط اور متوازن کمبی نیشن بنانے کی کوشش کررہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم زیادہ تبدیلیوں کی طرف نہیں جاتے، البتہ اگر کسی مجبوری یا ضرورت کے تحت تبدیلی کرنا پڑے تو وہ الگ بات ہے۔
سپن بولنگ کے حوالے سے شاہین آفریدی نے کہا کہ ابرار احمد قومی ٹیم کے مرکزی سپن بولر ہیں اور جب بھی ان کی ضرورت محسوس ہوئی، انہیں ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔
قومی کپتان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان ٹیم اپنی کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھنے اور بہتر کمبی نیشن کے ساتھ اچھی کرکٹ کھیلنے پر توجہ دے رہی ہے۔