چھکے صرف مجھے نہیں بلکہ دنیا کے ہر بولر کو پڑتے ہیں،حارث رؤف
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے اپنی بولنگ پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ چھکے صرف مجھے نہیں بلکہ دنیا کے ہربولرز کو پڑتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ ماضی میں بھی تنقید سے نہیں گھبرائے اور آئندہ بھی اس سے خوف زدہ نہیں ہوں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنی فٹنس، رفتار اور بولنگ میں بہتری کے لیے مسلسل محنت کرتے رہیں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حارث رؤف نے کہا کہ جدید کرکٹ میں جارحانہ بیٹنگ کے باعث بولرز کو چھکے پڑنا کوئی غیر معمولی بات نہیں اور دنیا کے دیگر بولرز کو بھی اس صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تنقید سے نہ پہلے انہیں کوئی فرق پڑا اور نہ مستقبل میں اس سے ان کے اعتماد پر کوئی اثر ہوگا۔
قومی فاسٹ بولر نے عزم ظاہر کیا کہ وہ اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے محنت جاری رکھیں گے اور پاکستان کے لیے کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔
شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کے ساتھ بولنگ کے کردار پر بات کرتے ہوئے حارث رؤف نے کہا کہ تینوں فاسٹ بولرز کا بنیادی مقصد مخالف ٹیم کی وکٹیں حاصل کرنا اور پاکستان کو کامیابی دلانا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ قومی ٹیم میں تمام کھلاڑی ایک دوسرے کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، جبکہ شاہین شاہ آفریدی کی موجودگی پاکستان کے بولنگ اٹیک کے لیے فائدہ مند ہے۔
سہ ملکی سیریز میں قومی ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے حارث رؤف نے کہا کہ 300 رنز کے ہدف کا کامیابی سے دفاع کرنا ایک مثبت پیش رفت ہے۔
تاہم انہوں نے زور دیا کہ موجودہ دور کی کرکٹ میں ٹیموں کو 350 یا اس سے زیادہ رنز بنانے اور ایسے بڑے اہداف کا دفاع کرنے کی صلاحیت بھی پیدا کرنا ہوگی۔
مڈل اوورز میں بولنگ کی اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے حارث رؤف نے کہا کہ اس مرحلے پر وکٹیں حاصل کرنا انتہائی ضروری ہے کیونکہ دنیا بھر میں بیٹنگ کا انداز تبدیل ہوچکا ہے۔
ان کے مطابق بلے باز پہلے سے زیادہ جارحانہ انداز اختیار کررہے ہیں، اس لیے بولرز کو بھی بدلتی ہوئی کرکٹ کے مطابق اپنی حکمت عملی بہتر بنانا ہوگی۔
حارث رؤف نے تیز رفتار بولنگ کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ جدید کرکٹ میں رفتار ایک اہم ہتھیار ہے اور وہ اپنی فٹنس اور بولنگ سپیڈ پر مزید محنت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی توجہ تنقید کے بجائے اپنی صلاحیتوں میں بہتری، مخالف ٹیم کی وکٹیں حاصل کرنے اور پاکستان کو میچ جتوانے پر مرکوز ہے۔