مسلسل ناقص کارکردگی پر اوپنر صائم ایوب ٹیم سے ڈراپ، صاحبزادہ فرحان شامل
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان جاری سہ ملکی ون ڈے سیریز کے بقیہ میچز کے لیے اوپننگ بیٹر صائم ایوب کو قومی سکواڈ سے ریلیز کردیا ہے، جبکہ ان کی جگہ ٹی ٹوئنٹی کپتان صاحبزادہ فرحان کو ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔ صائم ایوب نے مسلسل ناقص کارکردگی کے بعد اپنی بیٹنگ فارم بہتر بنانے اور اعتماد بحال کرنے کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی درخواست کی تھی، جسے ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی نے منظور کرلیا۔
پی سی بی کے مطابق صائم ایوب نے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن سے بات چیت کے دوران قومی سکواڈ سے ریلیز کیے جانے کی درخواست کی تاکہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنی بیٹنگ پر مزید کام کرسکیں۔
بورڈ کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کی مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی نے باہمی مشاورت سے ان کی درخواست منظور کرتے ہوئے موجودہ فارم کے پیش نظر ان کے فیصلے کو سراہا ہے۔
واضح رہے کہ صائم ایوب سہ ملکی ون ڈے سیریز کے ابتدائی تین میچز میں خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور مجموعی طور پر صرف 21 رنز بنا سکے۔
پی سی بی کے مطابق صائم ایوب کو ریلیز کرنے کا مقصد انہیں ڈومیسٹک کرکٹ کے ذریعے اپنی بیٹنگ بہتر بنانے اور کھویا ہوا اعتماد بحال کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق ٹی ٹوئنٹی کپتان صاحبزادہ فرحان کو صائم ایوب کی جگہ قومی ون ڈے سکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے اور وہ جلد ٹیم کو جوائن کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صاحبزادہ فرحان اس وقت نیپال پریمیئر لیگ کے سلسلے میں کٹھمنڈو میں موجود ہیں، تاہم انہیں قومی ذمہ داریوں کے لیے طلب کرلیا گیا ہے۔
صاحبزادہ فرحان پہلی دستیاب پرواز کے ذریعے پاکستان واپس روانہ ہوں گے، جس کے بعد وہ قومی سکواڈ کا حصہ بن جائیں گے۔
اس سے قبل گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ نے سپنر سفیان مقیم کو بھی سہ ملکی ون ڈے سیریز کے سکواڈ سے ریلیز کردیا تھا۔
پی سی بی کے مطابق سفیان مقیم کی جگہ معاذ صداقت کو قومی سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے اور یہ تبدیلی ٹیم کے کمبی نیشن میں مزید توازن پیدا کرنے کے لیے کی گئی ہے۔