مظفرآباد: جیپ گہری کھائی میں جا گری، باپ اور دو بیٹوں سمیت 7 مسافر جاں بحق
آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کے نواحی علاقے میں مسافر جیپ پہاڑی سڑک سے بے قابو ہوکر گہری کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں ایک باپ اور اس کے دو بیٹوں سمیت تمام 7 مسافر جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق گاڑی لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ سڑک سے گزر رہی تھی کہ ڈرائیور اس پر قابو نہ رکھ سکا اور جیپ تقریباً ایک ہزار سے پندرہ سو فٹ نیچے جاگری۔
پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے مطابق مسافر جیپ گاؤں نکہ شکر پٹیاں سے گاؤں سری درہ کی جانب روانہ ہوئی تھی۔
گاڑی نے ابھی تقریباً 3 کلومیٹر کا فاصلہ ہی طے کیا تھا کہ گاؤں ستھرا پوڈیمار کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی۔
حکام کے مطابق پہاڑی سڑک کا متعلقہ حصہ لینڈ سلائیڈنگ سے متاثر تھا، جہاں سے گزرتے ہوئے ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا۔
بے قابو جیپ سڑک سے نیچے پہاڑی ڈھلوان پر جاگری اور کئی مرتبہ الٹنے کے بعد گہری کھائی میں جا کر رکی۔
پولیس رپورٹ کے مطابق گاڑی سڑک سے تقریباً ایک ہزار سے پندرہ سو فٹ نیچے گری، جس کے باعث حادثے کی شدت انتہائی زیادہ تھی۔
حادثے میں گاڑی میں سوار تمام 7 افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے، جن میں ایک باپ اور اس کے دو بیٹے بھی شامل ہیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مظفرآباد کے مطابق حادثہ اتنا شدید تھا کہ جاں بحق افراد کی لاشیں مختلف مقامات پر بکھری ہوئی پائی گئیں۔
واقعے کے بعد مقامی افراد اور امدادی اہلکاروں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر کھائی سے لاشیں نکالنے کی کارروائی کی۔
پولیس کے مطابق تمام لاشیں ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد تدفین کے لیے لواحقین کے حوالے کردی گئیں۔
حکام نے ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ پہاڑی سڑک پر گاڑی کا بے قابو ہونا بتائی ہے۔