مری: گاڑی میں آتشزدگی سے ہلاکتوں کا مقدمہ مفرور ڈرائیور کے خلاف درج
مری میں رکھالہ لورا روڈ پر لساں بڑوھا کے قریب تیز رفتار کیری ڈبہ گہری کھائی میں گرنے اور آگ لگنے سے 7 خواتین اور بچیوں کے جاں بحق ہونےکے واقعے کا مقدمہ مفرور ڈرائیور کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق حادثے میں متعدد مسافر شدید زخمی بھی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے راولپنڈی کے ہولی فیملی ہسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ مقدمے میں ڈرائیور پر تیز رفتاری، غفلت اور لاپرواہی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق متاثرہ خاندان رکھالہ لورا میں شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد کیری ڈبے کے ذریعے اپنے گاؤں تریٹ واپس جارہا تھا۔
حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی کا نمبر 279 بتایا گیا ہے، جسے عمر ولد شکور چلا رہا تھا۔
مدعی مقدمہ اذان ممتاز اور عینی شاہدین کے بیانات کے مطابق ڈرائیور گاڑی انتہائی تیز رفتاری اور مبینہ غفلت کے ساتھ چلا رہا تھا۔
ایف آئی آر کے مطابق گاڑی میں سوار مسافروں نے ڈرائیور کو بارہا رفتار کم کرنے کے لیے کہا، تاہم اس نے ان کی بات نہیں مانی۔
رکھالہ لورا روڈ پر لساں بڑوھا کے قریب پہنچنے پر کیری ڈبہ بے قابو ہوکر گہری کھائی میں جا گرا۔
مدعی کے مطابق حادثے کے دوران ڈرائیور نے گاڑی سے چھلانگ لگا دی، جبکہ گاڑی کا اگلا دروازہ کھلنے کے باعث چند مسافر باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔
تاہم حادثے کے فوراً بعد کیری ڈبے میں شدید آگ بھڑک اٹھی، جس نے گاڑی کے اندر پھنسے مسافروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
اس المناک حادثے میں شدید جھلسنے کے باعث 7 خواتین اور بچیاں موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں۔
جاں بحق افراد میں الماس بی بی زوجہ محمد تنویر، شائقین بی بی زوجہ محمد ممتاز، طیبہ بی بی، سائرہ بی بی اور مائرہ بی بی دختران محمد تنویر شامل ہیں۔
حادثے میں زہرہ بی بی اور مومنہ بی بی دختران محمد ممتاز بھی جان کی بازی ہار گئیں۔
حادثے کے نتیجے میں دیگر کئی مسافر شدید زخمی ہوئے، جن میں ارشد ولد ولی داد، فہیم زوجہ ارشد، تہمیت زوجہ راشد اور لائبہ بی بی شامل ہیں۔
زخمی بچوں میں 4 سالہ کاشان، ڈیڑھ سالہ آئمہ نور، 10 سالہ طیب محمود اور 7 سالہ رائمہ نور بھی شامل ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو نکالنے کے لیے کارروائیاں شروع کردیں۔
شدید زخمی مسافروں کو فوری طبی امداد کے لیے راولپنڈی کے ہولی فیملی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
پولیس نے حادثے کے بعد فرار ہونے والے ڈرائیور عمر ولد شکور کے خلاف تھانہ مری میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔
حکام کے مطابق مقدمہ تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 279، 337 اور 322 کے تحت درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر میں ڈرائیور پر تیز رفتاری، غفلت اور لاپرواہی سے گاڑی چلانے کا الزام عائد کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں گاڑی کھائی میں گرنے اور آگ لگنے سے قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا۔
پولیس نے مفرور ڈرائیور کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی ہے، جبکہ حادثے کے محرکات اور ڈرائیور پر عائد الزامات کی مزید تفتیش کی جارہی ہے۔