سابق آرمی چیف جنرل عبدالوحید کاکڑ انتقال کرگئے، صدر، وزیراعظم ،عسکری قیادت کا اظہارِ افسوس
پاکستان کے سابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل ریٹائرڈ عبدالوحید کاکڑ نشانِ امتیاز (ملٹری) اور ہلالِ جرأت راولپنڈی میں انتقال کرگئے۔ ان کے انتقال پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت پاک فوج کی قیادت نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی عسکری خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاک فوج کے تمام رینکس نے سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ عبدالوحید کاکڑ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ جنرل عبدالوحید کاکڑ نے اپنے عسکری کیریئر کے دوران نمایاں خدمات انجام دیں اور ان کی قیادت اور پاک فوج کے لیے گراں قدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاک فوج کے تمام افسران و اہلکاروں نے مرحوم جنرل کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
فوجی ترجمان کے مطابق پاک فوج غمزدہ خاندان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔
پاک فوج کی جانب سے دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور اہلِ خانہ کو صبر و استقامت دے۔
دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ عبدالوحید کاکڑ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
ایوانِ صدر کے میڈیا ونگ کے مطابق صدر زرداری نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کی اور ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔
صدرِ مملکت نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جنرل عبدالوحید کاکڑ کو اپنی جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو صبرِ جمیل دے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی سابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل ریٹائرڈ عبدالوحید کاکڑ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی پاک فوج کے لیے خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ جنرل عبدالوحید کاکڑ کی عسکری خدمات قابلِ قدر ہیں اور ان کی پیشہ ورانہ خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔
شہباز شریف نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔
سابق آرمی چیف کے انتقال پر ملک کی اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت نے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے سوگوار خاندان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا ہے۔