تماشہ سیزن 5 کی جوڑی اسرا عائشہ اور زیب خان رشتۂ ازدواج میں منسلک
معروف ریئلٹی شو ’تماشہ سیزن 5‘ سے شہرت حاصل کرنے والی اسرا عائشہ اور زیب خان رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے ہیں۔ دونوں نے سوشل میڈیا پر اپنے نکاح کی تصاویر شیئر کرکے مداحوں کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا، جبکہ شادی کے اعلان کے بعد مبارک باد اور نیک تمناؤں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
اسرا عائشہ اور زیب خان نے اپنے نکاح کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے باضابطہ طور پر شادی کا اعلان کیا۔
نکاح کی تصاویر میں اسرا عائشہ سفید اور سنہری رنگ کے خوبصورت عروسی لباس میں نظر آئیں، جبکہ زیب خان نے بھی اپنی شریکِ حیات سے ہم آہنگ رنگوں کا لباس زیب تن کیا۔
دونوں کے ایک جیسے رنگوں کے ملبوسات اور نکاح کی تصاویر نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کرلی۔
نوبیاہتا جوڑے نے اپنی شادی کا اعلان قرآنِ پاک کی آیت کے ترجمے ’’اور ہم نے تمہیں جوڑوں میں پیدا کیا‘‘ کے ساتھ کیا۔
نکاح کی تصاویر اور شادی کا اعلان سامنے آتے ہی مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دونوں کو مبارک باد دینے اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
واضح رہے کہ اسرا عائشہ اور زیب خان کو ریئلٹی شو ’تماشہ سیزن 5‘ کے دوران خاصی مقبولیت حاصل ہوئی تھی۔
شو میں دونوں کی دوستی، ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگی اور کیمسٹری کو ناظرین نے بے حد پسند کیا تھا۔