Business

وزارتِ پیٹرولیم کا ایل پی جی کی قیمتوں کے تعین کے لیے نیا فارمولا تیار کرنے کا فیصلہ

وزارتِ پیٹرولیم کا ایل پی جی کی قیمتوں کے تعین کے لیے نیا فارمولا تیار کرنے کا فیصلہ
۱۲ گھنٹے پہلے

وزارت پیٹرولیم نے لیکویفائیڈ پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی قیمتوں کے تعین کے لیے نیا فارمولا تیار کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کے تحت ایل پی جی کی قیمتیں پیٹرولیم مصنوعات کی طرز پر مقرر کی جائیں گی۔

 

 وزارت نے نئی پالیسی پر کام شروع کردیا ہے، جس کا مقصد مصنوعی قلت اور من مانی قیمتوں کی روک تھام کے ساتھ ماہانہ بنیادوں پر قیمتوں کے تعین کا مؤثر طریقہ کار وضع کرنا ہے۔ 

ذرائع کے مطابق ایل پی جی کی نئی پالیسی امپورٹ پیریٹی پرائس کی بنیاد پر تیار کی جارہی ہے، جس کے تحت درآمدی لاگت کو مدنظر رکھتے ہوئے مقامی مارکیٹ میں قیمتوں کا تعین کیا جائے گا۔ 

نئے فارمولے کا مقصد ایل پی جی کی قیمتوں کو مقررہ درآمدی برابری کی قیمت سے زیادہ بڑھنے سے روکنا ہے۔ 

وزارت پیٹرولیم کی جانب سے تیار کی جانے والی پالیسی منظوری کے لیے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) اور وفاقی کابینہ میں پیش کی جائے گی۔ 

نئی پالیسی کے تحت ایل پی جی کی مصنوعی قلت اور من مانی قیمتوں کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ ماہانہ قیمتیں طے کرنے کا واضح فارمولا بھی تشکیل دیا جائے گا۔ 

امپورٹ پیریٹی پرائس کے تحت سمندری حادثات سے متعلق انشورنس کے اخراجات بھی ایل پی جی کی قیمتوں کا حصہ ہوں گے۔ 

اس وقت پاکستان اپنی مجموعی ایل پی جی ضروریات کا تقریباً 70 فیصد درآمد کرتا ہے اور درآمدی گیس کا زیادہ تر حصہ زمینی راستوں سے ملک میں پہنچتا ہے۔ 

حکومت مستقبل میں ایل پی جی کی درآمدات کے لیے زمینی راستوں کے بجائے سمندری راستے اختیار کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔ 

اس منصوبے کے تحت سعودی عرب اور عمان سے ایل پی جی سمندری راستے کے ذریعے درآمد کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ 

پاکستان میں ایل پی جی کی قیمتیں پہلے ہی سعودی آرامکو کے نرخوں سے منسلک ہیں، تاہم نئی پالیسی کے تحت امپورٹ پیریٹی پرائس کی بنیاد پر مقامی قیمتوں کے تعین کا نیا طریقہ کار وضع کیا جائے گا۔ 

ایل پی جی کی نئی قیمتوں کی پالیسی اقتصادی رابطہ کمیٹی اور وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد نافذ کی جاسکے گی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں