Business

پاکستان میں ایک لاکھ 10 ہزار ٹن سے زائد گندم کی درآمد، پہلا جہاز کراچی پہنچ گیا

پاکستان میں ایک لاکھ 10 ہزار ٹن سے زائد گندم کی درآمد، پہلا جہاز کراچی پہنچ گیا
۷ گھنٹے پہلے

پاکستان میں ایک لاکھ 10 ہزار میٹرک ٹن سے زائد گندم کی درآمد کا سلسلہ شروع ہوگیا، جس کے تحت 51 ہزار میٹرک ٹن گندم لے کر پہلا جہاز کراچی پورٹ پہنچ گیا، جبکہ 59 ہزار 132 میٹرک ٹن سے زائد گندم لے کر دوسرا جہاز 3 نومبر کو پہنچنے کی توقع ہے۔ 

کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کے مطابق گندم کی 51 ہزار میٹرک ٹن کھیپ لے کر آنے والا جہاز ایم وی گوکووا ایم (MV GOKOVA M) بدھ 28 اکتوبر 2026 کو دوپہر 12 بج کر 25 منٹ پر کراچی پورٹ پہنچا۔ 

جہاز کو بندرگاہ کی برتھ نمبر 16 اور 17 الاٹ کی گئی ہیں، جہاں گندم کی بڑی کھیپ اتارنے اور ہینڈلنگ کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ 

دوسری جانب ایک اور بحری جہاز ایم وی گریٹ رینبو (MV GREAT RAINBOW) کی 3 نومبر کو کراچی پورٹ آمد متوقع ہے، جس پر 59 ہزار 132 اعشاریہ 19 میٹرک ٹن گندم لدی ہوئی ہے۔ 

دونوں بحری جہازوں کے ذریعے مجموعی طور پر ایک لاکھ 10 ہزار میٹرک ٹن سے زائد گندم پاکستان درآمد کی جارہی ہے۔ 

کراچی پورٹ ٹرسٹ کے مطابق گندم کی ان بڑی کھیپوں کی ہینڈلنگ کراچی گیٹ وے ٹرمینل ملٹی پرپز لمیٹڈ (کے جی ٹی ایم ایل) کے ذریعے کی جارہی ہے۔ 

کے پی ٹی کا کہنا ہے کہ بڑی مقدار میں گندم کی درآمد اور اس کی ہینڈلنگ سے کراچی پورٹ کی اجناس کی ترسیل اور مال برداری کی صلاحیت کا اظہار ہوتا ہے۔ 

کراچی پورٹ ٹرسٹ کے مطابق کے جی ٹی ایم ایل کے ذریعے گندم کی ہینڈلنگ سے ملک کی بنیادی غذائی ضروریات کے لیے ضروری درآمدات کی بلاتعطل ترسیل اور بندرگاہ پر کارگو آپریشنز کو مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں