Pakistan

قومی اسمبلی میں پیٹرولیم اور کلائمیٹ لیوی ترمیمی بل پیش، عدم ادائیگی پر 3 سال قید کی تجویز

قومی اسمبلی میں پیٹرولیم اور کلائمیٹ لیوی ترمیمی بل پیش، عدم ادائیگی پر 3 سال قید کی تجویز
۹ گھنٹے پہلے

قومی اسمبلی میں پیٹرولیم لیوی اور کلائمیٹ لیوی آرڈیننس ترمیمی بل 2026 پیش کردیا گیا، جس میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں، ریفائنریوں اور لائسنس ہولڈرز کو لیوی کی ادائیگی کا پابند بنانے کے ساتھ عدم ادائیگی پر جرمانے، لائسنس کی معطلی اور تین سال تک قید کی سزائیں تجویز کی گئی ہیں۔ 

وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے ترمیمی بل قومی اسمبلی میں پیش کیا۔ 

مجوزہ قانون سازی کے تحت آئل مارکیٹنگ کمپنیوں، ریفائنریوں اور دیگر لائسنس ہولڈرز کے لیے پیٹرولیم اور کلائمیٹ لیوی کی ادائیگی لازمی قرار دینے کی تجویز دی گئی ہے۔ 

بل میں دونوں لیویز کی ادائیگی کو لائسنس کے اجرا اور برقرار رکھنے کی شرط بنانے کی تجویز بھی شامل ہے۔ کمپنیوں کو لائسنس کے اجرا کی تاریخ سے متعلقہ لیوی ادا کرنا ہوگی۔ 

ترمیمی بل کے مطابق ریفائنریاں اپنی مصنوعات پر پیٹرولیم اور کلائمیٹ لیوی پیشگی ادا کرنے کی پابند ہوں گی، جبکہ مصنوعات ریفائنری کے گیٹ سے باہر نکالنے سے پہلے لیوی کی ادائیگی ضروری ہوگی۔ 

بل میں مقررہ وقت پر لیوی ادا نہ کرنے کی صورت میں تاخیر سے ادائیگی کا سرچارج عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ 

مجوزہ دفعات کے تحت تاخیر سے ادائیگی پر چھ ماہ کے کائبور کی شرح کے ڈیڑھ گنا یا سالانہ 12 فیصد کے حساب سے سرچارج عائد کیا جائے گا۔ 

بل میں تجویز کیا گیا ہے کہ جرمانے کی عدم ادائیگی پر آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) متعلقہ کمپنی کا لائسنس معطل کرنے کی مجاز ہوگی۔ 

پیٹرولیم یا کلائمیٹ لیوی اور متعلقہ جرمانوں کی عدم ادائیگی کی صورت میں تین سال تک قید، جرمانہ یا دونوں سزائیں دینے کی تجویز بھی شامل کی گئی ہے۔ 

مجوزہ قانون کے تحت واجبات کی عدم ادائیگی پر کمپنی کے تمام ڈائریکٹرز کے خلاف قانونی کارروائی کی جاسکے گی۔ 

ترمیمی بل میں ہر آئل مارکیٹنگ کمپنی اور ریفائنری کو لیوی کی ادائیگی سے متعلق ماہانہ گوشوارے جمع کرانے کا پابند بنانے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں