Pakistan

آزاد کشمیر کے سٹیٹس سے متعلق جھوٹا پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، وزیراعظم افتخار گیلانی

آزاد کشمیر کے سٹیٹس سے متعلق جھوٹا پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، وزیراعظم افتخار گیلانی
۱ منٹ پہلے

وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے آزاد کشمیر کے آئینی سٹیٹس میں ممکنہ تبدیلی سے متعلق باتوں کو من گھڑت، بے بنیاد اور حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ریاست میں کسی بھی آئینی ترمیم کا معاملہ قانون ساز اسمبلی کے فورم پر پیش کیا جائے گا۔ 

ایک ڈیجیٹل میڈیا چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہا کہ آزاد کشمیر کے سٹیٹس سے متعلق جھوٹا پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایسے بیانات دے کر ریاست کو کس جانب لے جانے کی کوشش کی جارہی ہے؟ 

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر پہلے ہی مشکل صورتحال سے گزر رہا ہے، ایسے حالات میں غیر مصدقہ باتیں پھیلانا مناسب نہیں۔ 

وزیراعظم نے واضح کیا کہ آزاد کشمیر میں کوئی بھی آئینی ترمیم ہوگی تو اسے قانون ساز اسمبلی میں پیش کیا جائے گا اور متعلقہ آئینی طریقہ کار کے تحت اس پر غور ہوگا۔ 

انہوں نے کہا کہ تیرہویں آئینی ترمیم کے بعد چودھویں اور پندرھویں ترامیم بھی ہوئی ہیں، جو آئینی ارتقا کے عمل کا حصہ ہیں۔ 

افتخار گیلانی کا کہنا تھا کہ ریاستی مفادات کے تحفظ کے لیے حکومت موجود ہے اور آزاد کشمیر کے آئینی و ریاستی معاملات متعلقہ آئینی فورمز پر ہی زیر بحث آئیں گے۔ 

وزیراعظم کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سوشل میڈیا پر آزاد کشمیر کے اسٹیٹس میں تبدیلی سے متعلق مختلف دعوے گردش کررہے ہیں اور ان دعوؤں کی بنیاد پر ریاستی اداروں کے خلاف بیانات بھی سامنے آرہے ہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں