Pakistan

راولاکوٹ میں کارروائی، مبینہ طور پر اغوا کیے گئے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج بازیاب

راولاکوٹ میں کارروائی، مبینہ طور پر اغوا کیے گئے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج بازیاب
۱ منٹ پہلے

آزاد کشمیر پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ راولاکوٹ میں کارروائی کے دوران مبینہ طور پر اغوا کیے گئے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد اکرم کو بازیاب کرالیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق جج کو کالعدم جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے وابستہ کارکنوں نے مبینہ طور پر اسلحے کے زور پر اغوا کیا تھا، جبکہ بازیابی کے لیے کی گئی کارروائی کے دوران فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔ 

راولاکوٹ پولیس کے ایک اہلکار کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد اکرم کو بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ایک آپریشن کے دوران بازیاب کرایا گیا۔ 

پولیس کا کہنا ہے کہ جج محمد اکرم راولاکوٹ سے پلندری کے راستے مظفرآباد جارہے تھے کہ راستے میں مبینہ طور پر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے کارکنوں نے ان کی گاڑی کو روکا اور اسلحے کے زور پر انہیں گاڑی سمیت اغوا کرلیا۔ 

مقامی پولیس کے مطابق واقعے کے وقت گاڑی میں جج محمد اکرم کے ساتھ ان کا ڈرائیور اور گن مین بھی موجود تھے۔ 

مبینہ اغوا کی اطلاع ملنے کے بعد راولاکوٹ پولیس نے جج کی بازیابی کے لیے کارروائی کی، جس کے نتیجے میں انہیں بازیاب کرانے کا دعویٰ کیا گیا۔ 

راولاکوٹ پولیس کی جانب سے جاری بیان میں الزام عائد کیا گیا کہ آپریشن کے دوران جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے کارکنوں نے ہسپتال کے باہر فائرنگ کی۔ 

پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار سمیت دو افراد زخمی ہوئے۔ 

پولیس نے مبینہ اغوا اور فائرنگ کے واقعات کا الزام جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے وابستہ افراد پر عائد کیا ہے، تاہم ان الزامات کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں