World

امریکی جوہری تنصیب کی لیبارٹری میں آتشزدگی، ہنگامی حالت نافذ، پروازوں پر پابندی

امریکی جوہری تنصیب کی لیبارٹری میں آتشزدگی، ہنگامی حالت نافذ، پروازوں پر پابندی
۱ منٹ پہلے

امریکی ریاست جنوبی کیرولائنا میں واقع اہم جوہری تنصیب سوانا ریور سائٹ کی لیبارٹری میں آگ لگنے کے بعد ہنگامی حالت نافذ کردی گئی۔ حکام نے آگ پر قابو پانے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ متاثرہ عمارت سے باہر کسی آلودگی کی اطلاع نہیں ملی۔ 

ترک خبر رساں ادارے انادولو ایجنسی کے مطابق امریکی محکمہ توانائی کی سوانا ریور سائٹ، جو جنوبی کیرولائنا کے شہر ایکن کے قریب واقع ہے، میں بدھ کی شام مقامی وقت کے مطابق 5 بج کر 39 منٹ پر ہنگامی حالت کا اعلان کیا گیا۔ 

تنصیب کی انتظامیہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر تصدیق کی کہ سوانا ریور نیشنل لیبارٹری میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا، جس کے بعد ہنگامی امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں۔ 

انتظامیہ کے مطابق بعد ازاں آگ بجھا دی گئی، جبکہ متاثرہ عمارت سے باہر کسی قسم کی آلودگی کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ 

اس سے قبل حکام نے تنصیب میں ایک واقعے کی اطلاع دیتے ہوئے ہنگامی کارروائیاں شروع کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم فوری طور پر واقعے کی نوعیت واضح نہیں کی گئی تھی۔ 

امریکی وفاقی ادارے فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نے بھی اس علاقے کی فضائی حدود میں عارضی پابندیاں عائد کردیں۔ ادارے نے اپنے نوٹیفکیشن میں امریکی حکومت سے متعلق ایک جوہری واقعے کا حوالہ دیا۔ 

حکام نے تاحال آگ لگنے کی وجہ، کسی ممکنہ مادے کے اخراج کی نوعیت یا مقدار اور کسی شخص کے زخمی ہونے سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کیں۔ 

سوانا ریور سائٹ امریکا کے جوہری ہتھیاروں کے پروگرام سے وابستہ اہم تنصیبات میں شمار ہوتی ہے۔ تنصیب کی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق یہ 75 برس سے زائد عرصے سے امریکی فوج کے تزویراتی دفاعی مشن میں معاونت فراہم کررہی ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں