World

امریکی وزیر دفاع نے پینٹاگون کے چیف پلانر بریٹ سلویا کو برطرف کردیا

امریکی وزیر دفاع نے پینٹاگون کے چیف پلانر بریٹ سلویا کو برطرف کردیا
۱ منٹ پہلے

امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے پینٹاگون کے چیف پلانر لیفٹیننٹ جنرل بریٹ سلویا کو عہدے سے برطرف کردیا، تاہم ان کی برطرفی کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آسکیں اور نہ ہی ان کے متبادل کا اعلان کیا گیا ہے۔ 

امریکی اخبارات دی اٹلانٹک اور دی ہِل نے بدھ کو اپنی رپورٹس میں بتایا کہ لیفٹیننٹ جنرل بریٹ سلویا کو پینٹاگون میں اہم ذمہ داری سے ہٹا دیا گیا ہے، لیکن اس فیصلے کے پس منظر سے متعلق تفصیلات واضح نہیں کی گئیں۔ 

بریٹ سلویا امریکی فوج کے جوائنٹ سٹاف میں ڈائریکٹوریٹ فار سٹریٹجی، پلانز اینڈ پالیسی کے سربراہ تھے، جسے جے فائیو (J-5) کہا جاتا ہے۔ یہ شعبہ امریکی فوج کی تزویراتی منصوبہ بندی اور دفاعی پالیسیوں سے متعلق اہم ذمہ داریاں انجام دیتا ہے۔ 

دی اٹلانٹک کے مطابق بریٹ سلویا کی برطرفی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ وسط مدتی انتخابات کے بعد ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی کے امکان پر غور کررہے ہیں۔ 

تاہم رپورٹس میں بریٹ سلویا کی برطرفی اور ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی سے متعلق غور و فکر کے درمیان کسی براہ راست تعلق کی تصدیق نہیں کی گئی۔ 

دی ہِل کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل بریٹ سلویا اس سے قبل امریکی فوج کی 101 ویں ایئربورن ڈویژن کے کمانڈر بھی رہ چکے ہیں۔ 

رپورٹ میں بتایا گیا کہ پیٹ ہیگسیتھ کے پینٹاگون کی سربراہی سنبھالنے کے بعد سے اب تک دو درجن سے زائد اعلیٰ فوجی افسران کو عہدوں سے ہٹایا جاچکا ہے یا وہ اپنے عہدے چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں، جن میں بریٹ سلویا بھی شامل ہیں۔ 

امریکی میڈیا رپورٹس میں بریٹ سلویا کی برطرفی کے مخصوص اسباب اور جے فائیو کے نئے سربراہ کی تعیناتی سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں