Pakistan

اسلام آباد میں 7 سپا سینٹرز اور 2 مبینہ قحبہ خانوں پر چھاپے، 52 افراد گرفتار

اسلام آباد میں 7 سپا سینٹرز اور 2 مبینہ قحبہ خانوں پر چھاپے، 52 افراد گرفتار
۱ منٹ پہلے

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے مبینہ غیر قانونی اور غیر اخلاقی سرگرمیوں کے خلاف مشترکہ کریک ڈاؤن کرتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں میں 7 سپا سینٹرز اور 2 مبینہ قحبہ خانوں پر چھاپے مار کر 40 خواتین اور 12 مردوں سمیت مجموعی طور پر 52 افراد کو گرفتار کرلیا، جبکہ کارروائیوں کے دوران 9 مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔ 

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق کارروائیاں وفاقی دارالحکومت کے مختلف تھانوں کی حدود میں کی گئیں، جن میں سپا سینٹرز اور مبینہ طور پر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ 

پولیس ترجمان نے بتایا کہ سٹی زون میں 7 سپا سینٹرز کے خلاف کارروائیوں کے دوران 7 مقدمات درج کیے گئے اور 36 افراد کو گرفتار کیا گیا، جن میں 28 خواتین اور 8 مرد شامل ہیں۔ 

تھانہ کوہسار کی حدود میں واقع 2 سپا سینٹرز پر پولیس نے چھاپے مار کر مجموعی طور پر 14 افراد کو حراست میں لیا۔ 

اسی طرح تھانہ مارگلہ کی حدود میں قائم 4 سپا سینٹرز کے خلاف کارروائی کی گئی، جہاں سے 16 خواتین اور 3 مردوں سمیت مجموعی طور پر 19 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ 

تھانہ کراچی کمپنی کی حدود میں ایک سپا سینٹر پر چھاپے کے دوران 2 خواتین اور ایک مرد سمیت 3 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ 

دوسری جانب تھانہ آئی نائن کی حدود میں پولیس نے 2 مبینہ قحبہ خانوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دونوں مقامات کو موقع پر سیل کردیا۔ 

آئی نائن میں ہونے والی کارروائی کے دوران 12 خواتین اور 4 مردوں سمیت مجموعی طور پر 16 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ 

پولیس کے مطابق سٹی زون میں گرفتار 36 افراد اور آئی نائن میں گرفتار 16 افراد کو ملا کر مجموعی تعداد 52 بنتی ہے، جن میں 40 خواتین اور 12 مرد شامل ہیں۔ 

ترجمان اسلام آباد پولیس نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں غیر قانونی اور غیر اخلاقی سرگرمیوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں