یوکرین کے ریلوے سٹیشن پر روسی ڈرون حملہ، 13 افراد ہلاک، 10 زخمی
یوکرین کے شہر ڈنیپرو میں ریلوے سٹیشن پر مبینہ روسی ڈرون حملے کے نتیجے میں کم از کم 13 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے، جبکہ تین زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق صبح کے وقت جیٹ انجن سے چلنے والے ایک ڈرون نے ڈنیپرو ریلوے سٹیشن کے اس پلیٹ فارم کو نشانہ بنایا جہاں زاپوریزیا جانے والی مسافر ٹرین کھڑی تھی۔
یوکرینی ریلوے حکام نے حملے سے قبل خطرے کی سطح میں اضافے سے متعلق انتباہ جاری کیا تھا، تاہم اس کے باوجود مسافر پلیٹ فارم پر موجود رہے اور ڈرون حملے کے نتیجے میں بڑی تعداد میں جانی نقصان ہوا۔
حملے کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں اور زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ حکام کے مطابق 10 زخمیوں میں سے تین کی حالت نازک ہے۔
یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے ریلوے سٹیشن پر حملے کو ہولناک قرار دیتے ہوئے امریکا، یورپی ممالک اور دنیا کے بڑے صنعتی ممالک کے گروپ جی سیون سے روس کے خلاف مزید سخت پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کیا۔
زیلنسکی نے روس کے توانائی کے شعبے اور بعض روسی ارب پتیوں پر عائد پابندیوں میں نرمی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ روسی حملوں میں اضافے کے پیش نظر ماسکو اور اس کی جنگی کارروائیوں پر بین الاقوامی دباؤ بڑھانا ضروری ہے تاکہ مزید حملوں کو روکا جاسکے۔
ڈنیپرو کے میئر بوریس فلاتوف نے بھی ریلوے سٹیشن پر حملے کو شہر کے لیے بڑا سانحہ قرار دیا۔
دوسری جانب یوکرینی ریلوے حکام کے مطابق رواں سال روسی حملوں میں ریلوے سٹیشنوں، انجنوں اور مسافر ڈبوں سمیت 1700 سے زائد ریلوے تنصیبات اور اثاثوں کو نشانہ بنایا جاچکا ہے۔