World

گجرات: گائے ذبح کرنے کے الزام میں تین مسلمان شہریوں کو عمر قید کی سزا

گجرات: گائے ذبح کرنے کے الزام میں تین مسلمان شہریوں کو عمر قید کی سزا
۳۲ منٹ پہلے

بھارت کی ریاست گجرات کی ایک عدالت نے گائے ذبح کرنے کے مقدمے میں تین مسلمان شہریوں کو عمر قید کی سزا سنادی، جبکہ ہر مجرم پر تین لاکھ بھارتی روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ 

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گجرات کے ضلع گاندھی نگر کے علاقے کلول کی سیشن عدالت نے 26 اکتوبر کو مقدمے کا فیصلہ سنایا۔ 

سزا پانے والے افراد کی شناخت وسیم قریشی، محمد رفیق قریشی اور اشفاق بہلیم کے نام سے ہوئی ہے۔ 

استغاثہ کے مطابق پولیس نے 22 اگست 2024 کو گاندھی نگر کے گاؤں جاملا میں ایک مکان پر چھاپہ مارا تھا، جہاں سے 277 کلو گائے کا گوشت، جانوروں کو ذبح کرنے کے لیے مبینہ طور پر استعمال کیے گئے ہتھیار اور گوشت منتقل کرنے کے لیے ایک گاڑی برآمد کی گئی تھی۔ 

مقدمے میں ابتدائی طور پر چھ افراد کو نامزد کیا گیا تھا۔ عدالتی کارروائی مکمل ہونے پر تین ملزمان کو مجرم قرار دیا گیا، جبکہ دو افراد کو شواہد کی کمی کی بنیاد پر بری کردیا گیا۔ ایک ملزم مقدمے کی سماعت کے دوران انتقال کرگیا تھا۔ 

ایڈیشنل سیشن جج بی آر راجپوت نے گجرات اینیمل پریزرویشن ایکٹ کے تحت تینوں افراد کو سزا سنائی۔ 

گجرات میں 2017 میں کی گئی قانونی ترامیم کے بعد گائے ذبح کرنے کے جرم میں عمر قید کی سزا دینے کی گنجائش موجود ہے۔ 

عدالتی فیصلے کے مطابق تینوں مجرموں کو قانون کی ایک دفعہ کے تحت عمر قید اور فی کس دو لاکھ بھارتی روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔ 

دوسری دفعہ کے تحت انہیں مزید 10 سال قیدِ بامشقت اور فی کس ایک لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔ دونوں قید کی سزائیں ایک ساتھ چلیں گی، جبکہ ہر مجرم پر مجموعی جرمانہ تین لاکھ بھارتی روپے ہوگا۔ 

رپورٹس کے مطابق مقدمے کی سماعت کے دوران استغاثہ نے 54 گواہ اور 18 دستاویزی شواہد پیش کیے۔ 

عدالت نے اپنے فیصلے میں ہندو مذہبی کتابوں منوسمرتی اور ویدوں کا بھی حوالہ دیا اور ہندو مذہب اور ثقافت میں گائے کی اہمیت سے متعلق مشاہدات بیان کیے۔ 

دوسری جانب گجرات کے نائب وزیراعلیٰ ہرش سانگھوی نے عدالتی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے واضح پیغام گیا ہے کہ ریاست میں گائے ذبح کرنے سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں