عالمی و مقامی مارکیٹ میں سونا ہزاروں روپے سستا، ڈالر کے مقابلے میں روپیہ بھی مضبوط
عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد پاکستان میں بھی سونا ہزاروں روپے سستا ہوگیا۔ مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 5 ہزار 100 روپے اور 10 گرام سونے کی قیمت میں 4 ہزار 373 روپے کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں معمولی اضافہ ہوا۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 51 ڈالر کمی کے بعد 3 ہزار 980 ڈالر کی سطح پر آگئی۔
عالمی سطح پر سونے کے نرخ کم ہونے کے اثرات پاکستان کی مقامی صرافہ مارکیٹوں پر بھی مرتب ہوئے۔
قیمتوں میں کمی کے نتیجے میں پاکستان میں فی تولہ سونا 5 ہزار 100 روپے سستا ہوکر 4 لاکھ 20 ہزار 536 روپے کا ہوگیا۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 4 ہزار 373 روپے کمی ہوئی، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 3 لاکھ 60 ہزار 541 روپے ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب جمعے کے روز انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں معمولی بہتری کا سلسلہ جاری رہا۔
کاروبار کے اختتام پر امریکی ڈالر کی قیمت 276 روپے 75 پیسے ریکارڈ کی گئی، جس کے نتیجے میں پاکستانی روپیہ ایک پیسے مضبوط ہوا۔
اس سے قبل جمعرات کو انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر 276 روپے 76 پیسے پر بند ہوا تھا۔
عالمی کرنسی مارکیٹوں میں جاپانی ین، بینک آف جاپان کے آئندہ مانیٹری پالیسی فیصلے سے قبل مستحکم رہا۔
دوسری جانب مصنوعی ذہانت سے متعلق ٹیکنالوجی کمپنیوں کے حصص میں فروخت کی نئی لہر کے باعث سرمایہ کاروں کی محفوظ سرمایہ کاری کے ذرائع کی جانب توجہ بڑھی، جبکہ امریکی ٹریژری بانڈز کی ییلڈز میں کمی کے ساتھ ڈالر پر بھی دباؤ دیکھا گیا۔
مارکیٹ توقعات کے مطابق بینک آف جاپان مہنگائی کے دباؤ کے باوجود اپنی بنیادی شرح سود 1.25 فیصد پر برقرار رکھ سکتا ہے۔
تاہم مارکیٹ میں دسمبر کے دوران شرح سود میں اضافے کے امکانات تقریباً 80 فیصد ظاہر کیے جارہے ہیں۔
عالمی مارکیٹ میں امریکی کرنسی کی قدر جانچنے والا ڈالر انڈیکس معمولی کمی کے بعد 101.77 کی سطح پر آگیا۔
اس کمی کے باوجود ڈالر انڈیکس رواں ماہ تقریباً 0.3 فیصد اضافے کے ساتھ مسلسل دوسرے ماہ بھی بہتری ریکارڈ کرنے کی جانب گامزن ہے۔