Pakistan

کراچی: گھریلو جھگڑے کے دوران شوہر نے بیوی پر تیزاب پھینک دیا

کراچی: گھریلو جھگڑے کے دوران شوہر نے بیوی پر تیزاب پھینک دیا
۱۲ منٹ پہلے

کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری میں شوہر نے گھریلو جھگڑے کے دوران تیزاب پھینک کر بیوی کو زخمی کردیا، واقعے میں کم عمری کی شادی کا معاملہ بھی سامنے آیا ہے، تاہم متاثرہ لڑکی اور اس کے والد کے بیانات میں عمر سے متعلق تضاد پایا گیا ہے۔ 

ابراہیم حیدری میں شوہر ذیشان نے مبینہ طور پر اپنی بیوی نسیمہ پر تیزاب پھینکا اور موقع سے فرار ہوگیا۔ تیزاب سے زخمی ہونے والی لڑکی کو علاج کے لیے سول ہسپتال کے برنس وارڈ منتقل کردیا گیا۔ 

متاثرہ لڑکی نسیمہ نے اپنے بیان میں بتایا کہ اس کی عمر 14 سال ہے اور ایک سال قبل اس کی شادی ہوئی تھی۔ 

نسیمہ نے الزام عائد کیا کہ اس کے شوہر ذیشان نے اس پر تیزاب پھینکا، جبکہ وہ اسے روزانہ تشدد کا نشانہ بھی بناتا ہے۔ 

دوسری جانب متاثرہ لڑکی کے والد اکبر نے سول ہسپتال کے برنس وارڈ کے باہر جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کی بیٹی کی عمر 19 سال ہے۔ 

اکبر کے مطابق ان کی بیٹی اور ذیشان نے محبت کی شادی کی تھی اور دونوں کا نکاح ذیشان کے گھر پر ہوا تھا، تاہم شادی کے بعد سے دونوں کے درمیان جھگڑے ہوتے رہتے تھے۔ 

متاثرہ لڑکی کے والد نے بتایا کہ اتوار کی دوپہر نسیمہ کی ساس اسے گھر چھوڑ کر گئی تھی، جبکہ رات تقریباً 8 بجے ذیشان گھر پہنچا۔ 

والد کے مطابق گھر میں جھگڑے کے بعد ان کے داماد ذیشان نے نسیمہ پر تیزاب پھینکا اور فرار ہوگیا۔ 

اکبر نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔ 

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم ذیشان کی والدہ اور بہن کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جبکہ مرکزی ملزم کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں