Pakistan
اسلام آباد میں طالب علم کو ہراساں کرکے نازیبا ویڈیو بنانے والے مجرم کو 7 سال قید
اسلام آباد کی عدالت نے 16 سالہ طالب علم کو ہراساں کرنے اور اس کی رضامندی کے بغیر نازیبا ویڈیو بنانے کے پیکا مقدمے میں مرکزی ملزم راجہ حارث نوید کو 7 سال قید بامشقت کی سزا سنادی۔
ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد محمد افضل مجوکا نے سائبر کرائم مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے مجرم راجہ حارث نوید پر 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔ عدالتی فیصلے کے مطابق جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مجرم کو مزید 6 ماہ قید بھگتنا ہوگی۔
عدالت نے مقدمے میں نامزد شریک ملزم شاہزیب معراج کو جرم میں معاونت کا الزام ثابت نہ ہونے پر شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کردیا۔
مقدمے کے مطابق مرکزی ملزم نے دھوکے سے 16 سالہ میٹرک کے طالب علم کو ڈرائنگ روم میں بند کیا، جہاں اسے گن پوائنٹ پر ہراساں کیا گیا اور اس کی رضامندی کے بغیر نازیبا اور متنازع ویڈیو ریکارڈ کی گئی۔