World

امریکا: نجی طیارہ رہائشی علاقے میں گر کر تباہ، 9 افراد ہلاک

امریکا: نجی طیارہ رہائشی علاقے میں گر کر تباہ، 9 افراد ہلاک
۱ منٹ پہلے

امریکی ریاست فلوریڈا میں نجی طیارہ رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا، حادثے کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 9 افراد ہلاک ہوگئے۔ امریکی محکمہ ٹرانسپورٹ کے حکام نے ہلاکتوں کی تصدیق کردی ہے۔ 

امریکی وفاقی ایوی ایشن انتظامیہ (ایف اے اے) کے مطابق بمبارڈیئر ساختہ لئیر جیٹ 60 نے ریاست ٹیکساس کے آسٹن برگسٹروم انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پرواز کی تھی اور اسے بہاماس کے نارتھ ایلیوتھیرا ایئرپورٹ پہنچنا تھا۔ 

طیارہ فلوریڈا کی پام بیچ کاؤنٹی کے علاقے لیک ورتھ بیچ میں سڑک کے قریب گر کر تباہ ہوگیا، جبکہ زمین سے ٹکراتے ہی زوردار دھماکا ہوا۔ 

فلوریڈا کے گورنر رون ڈی سینٹس نے جائے حادثہ کے قریب پریس کانفرنس کرتے ہوئے واقعے کو بڑا سانحہ قرار دیا۔ 

انہوں نے کہا کہ طیارہ میزائل کی طرح زمین کی طرف آیا اور زوردار دھماکے کے نتیجے میں اس کا ملبہ دور دور تک پھیل گیا۔ حادثے کے مقام پر سڑک کے قریب ایک گہرا گڑھا بھی پڑ گیا۔ 

پام بیچ کاؤنٹی کے حکام کے مطابق حادثے کے بعد علاقے سے تقریباً 600 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جبکہ متاثرہ شہریوں کے لیے دو پناہ گاہیں قائم کی گئیں۔ 

حادثے کے وقت علاقے میں شدید بارش اور گرج چمک کے ساتھ طوفان بھی جاری تھا۔ 

فضائی ٹریفک کنٹرول کی آڈیو ریکارڈنگ کے مطابق حادثے سے کچھ دیر قبل پائلٹ نے شدید ہنگامہ خیز فضائی صورتحال اور طیارے پر برف جمنے کی اطلاع دی تھی۔ 

اس کے بعد پائلٹ نے ہنگامی پیغام میں بتایا کہ طیارہ تیزی سے نیچے آرہا ہے اور اس کی رفتارِ نزول 10 ہزار فٹ فی منٹ تک پہنچ گئی ہے۔ 

ریکارڈنگ کے مطابق پائلٹ نے بعد میں طیارے میں ہنگامی صورتحال کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ طیارہ زمین سے ٹکرانے والا ہے۔ 

آخری لمحات میں کاک پٹ سے یہ الفاظ بھی سنائی دیے کہ اب وقت ختم ہوچکا ہے۔ 

پروازوں کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق ایک موقع پر طیارے کی عمودی طور پر نیچے آنے کی رفتار 32 ہزار فٹ فی منٹ سے بھی تجاوز کرگئی تھی۔ 

امریکی نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ نے حادثے کی تحقیقات شروع کردی ہیں، جبکہ طیارہ ساز کمپنی بمبارڈیئر نے تحقیقات میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں