علیمہ خان کا غریب ڈرائیور بغیر کسی جرم کے جیل میں قید ہے، سلمان اکرم راجہ
پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ علیمہ خان کا غریب ڈرائیور بغیر کسی جرم کے جیل میں پڑا ہے، آئین میں بنیادی حقوق تو موجود ہیں لیکن آج ان حقوق کا کوئی وجود دکھائی نہیں دیتا۔
لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ آج ہم ایک مرتبہ پھر عدالت میں انصاف لینے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج یہ کہنے پر مجبور ہیں کہ یہ عمارتیں اور یہ قانون ایک جھانسہ ہیں، اگر یہ سب مل کر ایک قیدی تک رسائی نہیں دلوا سکتے تو ان کا کیا فائدہ ہے؟
سلمان اکرم راجہ نے سوال اٹھایا کہ آئین میں بنیادی حقوق موجود ہیں، مگر آج وہ حقوق کہاں ہیں؟
انہوں نے کہا کہ بغیر جرم کے کالے قانون کے تحت بے گناہ افراد کو بھی مجرم بنایا جارہا ہے۔
پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری کا کہنا تھا کہ ہم عدالتوں میں اس لیے آتے ہیں تاکہ قوم کو جھنجھوڑتے رہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ 26ویں آئینی ترمیم کے تحت تمام آزادیاں ختم ہوچکی ہیں۔
28ویں آئینی ترمیم سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بغیر اس معاملے پر کوئی فیصلہ نہیں کرسکتے۔
سلمان اکرم راجہ نے پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا سرگرمیوں سے متعلق بھی بات کی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ایکٹیوسٹس ملک سے باہر ہیں اور ان سے ہمارا کوئی رابطہ نہیں ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سے متعلق سوشل میڈیا سرگرمیوں پر ہمارا کوئی کنٹرول نہیں ہے۔