Breaking News

دہشتگردی کے سہولت کاروں میں خیبرپختونخوا کی نااہل اور لاتعلق حکومت بھی شامل تھی، ڈی جی آئی ایس پی آر

دہشتگردی کے سہولت کاروں میں خیبرپختونخوا کی نااہل اور لاتعلق حکومت بھی شامل تھی، ڈی جی آئی ایس پی آر
۱ منٹ پہلے

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے سہولت کاروں میں خیبرپختونخوا کی نااہل اور لاتعلق حکومت بھی شامل تھی، صوبے میں انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں رکاوٹ پیدا کرنے والا ایک سہولت کار اب وہاں موجود نہیں ہے۔ 

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کو 30 اکتوبر 2026 کو دیے گئے انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کے پاس دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے ایک واضح حکمت عملی موجود ہے، جس کا ایک اہم حصہ ملک کے اندر دہشت گردوں اور ان کے تمام سہولت کاروں کا خاتمہ کرنا ہے۔ 

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ دہشت گردی سے متعلق بعض مسائل ایسے بھی ہیں جنہیں پاکستان کو اندرونی طور پر حل کرنا ہوگا۔ 

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں کوئی بھی شخص انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کے خلاف نہیں ہے، صرف وہی لوگ ان کارروائیوں کی مخالفت کرتے ہیں جن کا دہشت گردوں کے ساتھ گٹھ جوڑ ہے۔ 

ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا میں کسی بڑے فوجی آپریشن کے بجائے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے جارہے ہیں۔ 

ان کے مطابق سیکیورٹی فورسز روزانہ کی بنیاد پر تقریباً 200 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرتی ہیں، جن میں پولیس، فوج اور قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے مشترکہ تعاون سے حصہ لیتے ہیں۔ 

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ ہماری سوچ بھارت کی طرح نہیں ہے کہ تمام داخلی مسائل کو بیرونی قرار دے دیا جائے۔ 

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان یہ نہیں کہتا کہ ملک میں ہونے والی تمام دہشت گردی صرف افغانستان کی وجہ سے ہے۔ 

تاہم ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق افغانستان وہ بنیادی اڈہ ہے جہاں سے پاکستان میں دہشت گردی کی جاتی ہے اور جہاں دہشت گردوں کی قیادت، تربیتی کیمپ اور لانچ پیڈز موجود ہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں