ٹرمپ کا احتساب کرینگے، جنگ ختم کی جائے گی، ڈیموکریٹک امیدوار عبدل السید سینیٹر منتخب
امریکی ریاست مشی گن میں سینیٹ کی نشست پر ڈیموکریٹک امیدوار عبدل السید نے ری پبلکن امیدوار مائک راجرز کے مقابلے میں برتری حاصل کرنے کے بعد اپنی کامیابی عوام کے نام کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی ترجیح سیاسی تاریخ رقم کرنے کے بجائے اپنے پالیسی ایجنڈے کو آگے بڑھانا، صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا احتساب کرنا اور جنگ کے خاتمے کے لیے کام کرنا ہے۔
انتخابی نتائج پر ردعمل دیتے ہوئے عبدل السید نے اپنی کامیابی عوام کے نام کی اور مزدور طبقے کی جدوجہد کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ جدوجہد صرف ان کی نہیں بلکہ محنت کشوں کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے الزامات کے باوجود انہوں نے اپنی جدوجہد جاری رکھی، جبکہ مخالفین نے انہیں شکست دینے کے لیے خطیر رقم خرچ کی، لیکن مشی گن کے عوام نے امید کا انتخاب کیا۔
عبدل السید کا کہنا تھا کہ ان کی توجہ پہلے مسلمان سینیٹر بننے کے اعزاز کے بجائے اپنے پالیسی ایجنڈے کو آگے بڑھانے پر مرکوز ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی کامیابی سے یہ پیغام جائے گا کہ امریکا ایک ایسا وسیع ملک ہے جہاں ہر پس منظر سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے جگہ موجود ہے۔
ڈیموکریٹک امیدوار نے امید ظاہر کی کہ ان کی انتخابی کامیابی ان نوجوانوں کی بھی حوصلہ افزائی کرے گی جنہوں نے سیاسی بیان بازی کے دوران مسلمانوں اور دیگر گروہوں کو نشانہ بنتے دیکھا ہے۔
عبدل السید نے کہا کہ وہ صدر ٹرمپ کا احتساب کریں گے اور جنگ کے خاتمے کے لیے کام کریں گے۔
صدر ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کو ان کا نام پکارنے میں مشکلات پیش آتی تھیں، لیکن اب وہ انہیں صرف سینیٹر کہہ کر مخاطب کرسکتے ہیں۔